سدانند گوڑ وزیر ریلوے کی انتخابی مہم پر تنقید ، وزیر آبپاشی ہریش راؤ کا بیان
حیدرآباد۔/11ستمبر ، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کہا کہ ریلوے بجٹ میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کرنے والے وزیر ریلویز سدانند گوڑا کو میدک لوک سبھا حلقہ میں بی جے پی کیلئے ووٹ مانگنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے بی جے پی کی انتخابی مہم میں مرکزی وزراء پرکاش جاوڈیکر اور سدانند گوڑا کی شرکت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پارلیمنٹ میں پیش کردہ ریلوے بجٹ میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی گئی جبکہ نئی ریاست کی ترقی کیلئے مرکزی حکومت کو چاہیئے تھا کہ وہ تلنگانہ کیلئے زائد پراجکٹس اور ریلوے لائنس کو منظوری دیتی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سے ناانصافی کرنے والے سدانند گوڑا کس چہرہ کے ساتھ انتخابی مہم میں حصہ لینے کیلئے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت نے تلنگانہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں ناانصافی کی ہے اور ابھی تک حکومت مختلف مسائل کے سلسلہ میں مرکز سے انصاف کیلئے جدوجہد کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھمم ضلع کے 7منڈلوں کو یکطرفہ فیصلہ کے ذریعہ آندھرا پردیش میں ضم کردیا گیا جبکہ یہ تلنگانہ کا اٹوٹ حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کو فنڈز کی فراہمی اور دیگر معاملات میں بھی مرکز کا رویہ معاندانہ ہے۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو کے اشاروں پر بی جے پی حکومت تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کررہی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام اپنے ہمدرد کو اچھی طرح جانتے ہیں اور انہیں کے سی آر کی قیادت پر مکمل یقین ہے کہ وہی تلنگانہ کی پسماندگی کا خاتمہ کرتے ہوئے سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہریش راؤ نے میدک لوک سبھا حلقہ کے پارٹی امیدوار کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں آج پٹن چیرو علاقہ میں ایک بڑی بائیک ریالی میں شرکت کی۔ انہوں نے بی جے پی اور کانگریس کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ جماعتیں عوام سے اس بات کی وضاحت کریں کہ انہیں آخر کس کارنامے کیلئے ووٹ دیا جائے۔ تلنگانہ کے حصول میں بظاہر ان جماعتوں نے تائید کی تھی لیکن علحدہ ریاست کے حصول کا سہرا کے سی آر کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو میدک میں پارٹی کا کوئی قائد امیدوار بنانے کیلئے نہیں ملا لہذا اس نے مخالف تلنگانہ جگا ریڈی کو امیدوار بنادیا۔ ان کی مخالف تلنگانہ پالیسی کے سبب اسمبلی انتخابات میں سنگاریڈی کے عوام نے سبق سکھایا تھا اب میدک کے ضمنی چناؤ میں عوام دوبارہ انہیں سبق سکھائیں گے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس امیدواروں کی ضمانت بھی نہیں بچ پائے گی اور دونوں جماعتیں دوسرے مقام کیلئے میدان میں ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر عمل آوری صرف اور صرف کے سی آر کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت سے ممکن ہے۔