ریلوے بجٹ میں آندھرا پردیش کا حصہ تلنگانہ سے زیادہ

اے پی کیلئے 3 ہزار 406 کروڑ روپئے مختص ، تلنگانہ کو صرف ایک ہزار 729 کروڑ حاصل
حیدرآباد۔2فروری(سیاست نیوز) ریلوے بجٹ میں اپنے حصہ کے حصول میں آندھرا پردیش نے ریاست تلنگانہ پر سبقت حاصل کرلی ۔ مرکزی حکومت کے بجٹ میں ریاست آندھرا پردیش کو ریلوے بجٹ میں 3ہزار 406کروڑ روپئے حاصل ہوئے ہیں جبکہ تلنگانہ کو صرف 1ہزار 729کروڑ حاصل ہوئے لیکن یہ کہا جا رہا ہے کہ گذشتہ دو برسوں کے مقابلہ میں تلنگانہ کو حاصل ہونے والے ریلوے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ مرکزی وزیر فینانس نے گذشتہ یوم پیش کئے گئے بجٹ میں آندھرا پردیش کو ریلوے ترقیات کیلئے 3ہزار 406کروڑ کی تخصیص کا فیصلہ کیا ہے جبکہ تلنگانہ میں ریلوے کے ترقیاتی کاموں کیلئے 1ہزار 729کروڑ کی تخصیص کا اعلان کیا ہے۔ جنرل منیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے مسٹر ونود کمار یادو نے بتایا کہ مالی سال 2017-18کے دوران سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے علاوہ وجئے واڑہ ریلوے اسٹیشن کی از سرنو ترقی کے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئی ریلوے لائنس اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات جنہیں منظوری دی گئی ہے کے متعلق تفصیلات اندرون دو یوم منظر عام پر آئیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومتوں کے ساتھ مشاورت اورمعاہدوں کے ذریعہ ساؤتھ سنٹر ل ریلوے ترقیاتی منصوبوں کو قطعیت دی جائے گی۔ مسٹر ونود کمار یادو نے کہا کہ ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے جاریہ مالی سال کے دوران 1115کوچس میں 4138بائیو ٹائلیٹ کی تنصیب عمل میں لائی ہے اور مالی سال 2017-18کے دوران مابقی 3000کوچس میں بائیو ٹائلیٹس کی تنصیب کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ تلنگانہ کو ریلوے بجٹ میں گذشتہ دو برسوں کے دوران 601کروڑ روپئے حاصل ہوئے تھے اور اس اعتبار سے اس برس حاصل ہونے والے 1ہزار 729کروڑ کو بہت زیادہ تصور کیا جا رہا ہے جبکہ آندھرا پردیش کو اس کے علاوہ بجٹ میں دیگر مراعات کے حصول میں بھی زبردست کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔