چیف منسٹر کے سی آر کو عوام سے معذرت خواہی کرنے پر زور ، تلنگانہ پی سی سی
حیدرآباد ۔ 25 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے ریلوے بجٹ کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے مرکزی حکومت کو مناسب تجاویز پیش کرنے میں ناکام ہونے پر عوام سے معذرت خواہی کرنے کا چیف منسٹر کے سی آر سے مطالبہ کیا ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن پارلیمنٹ مسٹر پونم پربھاکر نے کہا کہ ریلوے بجٹ میں تلنگانہ کے ساتھ نا انصافی ہوئی ہے ۔ تلنگانہ حکومت بھی ان نا انصافیوں کے لیے برابر کی ذمہ دار ہے کیوں کہ بجٹ کی تیاری سے قبل تلنگانہ حکومت نے ریاست کو درکار ریل سہولتوں ، نئی ٹرینوں ، ترقیاتی کاموں ، تعمیری کاموں کے لیے مناسب انداز میں مرکزی وزیر ریلوے کو تجاویز روانہ نہیں کی اور نہ ہی مرکزی حکومت بالخصوص مرکزی وزیر ریلوے پر دباؤ ڈالنے کے لیے تلنگانہ کے تمام ارکان پارلیمنٹ ارکان راجیہ سبھا کا کوئی اجلاس طلب کیا گیا ۔ اگر ارکان پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کیا جاتا ارکان پارلیمنٹ سے تجاویز وصول کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت بھی اپنی ترجیحات کو پیش کرتی تو اس کے مثبت نتائج کی امید کی جاسکتی تھی ۔ ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ نے مرکزی حکومت پر دباؤ بنانے میں پوری طرح ناکام ہوگئے ہیں ۔ لہذا چیف منسٹر تلنگانہ اس کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے تلنگانہ کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں پر ریاست کے عوام سے معذرت خواہی کریں ۔ ساتھ ہی ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی ناکامی پر عوام سے وضاحت کریں ۔ متحدہ ریاست میں علاقہ تلنگانہ سے ریلوے بجٹ میں نا انصافی ہونے کا واویلا مچانے والی ٹی آر ایس علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل پانے اور حکومت کی باگ دوڑ ٹی آر ایس کے ہاتھ میں ہونے کے باوجود تلنگانہ سے ہونے والی نا انصافیوں پر ٹی آر ایس اپنا محاسبہ کرے ۔ ریاست سے جو نا انصافی ہورہی ہے ۔ کیا اس کے لیے چیف منسٹر کے سی آر ذمہ دار نہیں ہے ۔ استفسار کیا ہے ۔ مسٹر پونم پربھاکر نے کہا کہ تقسیم ریاست بل میں تلنگانہ کے لیے جو اعلانات کئے گئے تھے ۔ اس کو حاصل کرنے میں بھی ٹی آر ایس حکومت ناکام ہے ۔ ابھی بھی وقت ہے ۔ چیف منسٹر کل جماعتی وفد کو دہلی لیجائے اور مرکزی حکومت سے نمائندگی کریں ۔۔