ریلوے بجٹ سے کوئی توقعات نہیں : نتیش کمار

پٹنہ ۔ 23  فبروری۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر نتیش کمار نے کہاکہ ریلوے بجٹ سے انھیں کوئی توقعات نہیں ہیں اور ریاستی حکوموں سے ریلوے پراجکٹس میں سرمایہ کاری کرنے مرکز کے فیصلہ کی مخالفت کی ۔ انھوں نے کابینی اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ریلوے بجٹ سے کوئی توقع نہیں ہے اگرچیکہ قوم کو ہمیشہ ریلوے بجٹ سے بڑی توقعات رہی ہیں ۔ ریلوے کے وزیر میرے دوست ہیں اور میں اُن کیلئے نیک خواہشات کااظہار کرتا ہوں ۔ مرکزی حکومت کو ہر محاذ پہ ترقی اور ریلوے کی توسیع کیلئے کام کرنا چاہئے ۔ مرکز نے ریاستی حکومتوں سے کہا ہے کہ وہ ریلوے پراجکٹس میں سرمایہ کاری کریں ۔ آخر کتنے شعبوں میں ریاستی حکومتیں سرمایہ کاری کریں۔ ریلوے کی توسیع و ترقی کی ذمہ داری مرکزی حکومت کی ہے ۔ آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو نے کل تنقید کی تھی کہ بی جے پی حکومت ریلوے کو شدید بحران سے دوچار کررہی ہے ۔