ریلوے اور عام بجٹ ایک ساتھ پیش کرنے کا خیر مقدم

حیدرآباد ۔ یکم   فروری (سیاست نیوز)  ٹی آر ایس کے پارلیمانی لیڈر جتندر ریڈی نے نئے انداز سے مرکزی بجٹ کی پیشکشی کا خیرمقدم کیا ہے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جتندر ریڈی نے کہا کہ حکومت نے بیک وقت عام اور ریلوے بجٹ کو ملاکر پیش کرنے کی نئی روایت قائم کی ہے اور بجٹ میں منصوبہ بند پلان کے تحت رقومات الاٹ کرنے کے طریقہ کار سے انحراف کیا گیا جو اچھی علامت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی محکمہ جات کو جو بجٹ مختص کیا جائے گا ، اس سے ریاستیں اپنا حصہ حاصل کرسکتی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے طریقہ کار سے ریاستوں کو اپنے زیر التواء بجٹ کو حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ جتندر ریڈی نے ارون جیٹلی سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور تلنگانہ کے لئے زائد منظوریوں کا مطالبہ کیا۔ مرکز نے دو ریاستوں کیلئے ایمس کا اعلان کیا لیکن تلنگانہ کو اس سے محروم رکھا گیا۔ اس سلسلہ میں ارون جیٹلی سے نمائندگی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ کو ارون جیٹلی نے بتایا کہ نئے طریقہ کار کے سبب یہ ممکن نہیں ہوسکا ۔ ارون جیٹلی نے تلنگانہ میں ایمس کیلئے بجٹ مختص کرنے کا تیقن دیا ہے ۔ جتندر ریڈی نے امید ظاہر کی کہ جاریہ سال تلنگانہ میں ایمس قائم ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کا بجٹ انتہائی متوازن ہے  اور ٹی آر ایس اس کا خیرمقدم کرتی ہے۔