نئی دہلی۔ 6 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈ ٹورازم کارپوریشن (آئی آر سی ٹی سی) اسکام پر سی بی آئی کی طرف سے دائر کردہ مقدمہ میں دہلی کی عدالت نے آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو کی شریک حیات سے رابڑی دیوی، فرزند تیجسوی یادو اور چند دوسروں کو آج ضمانت دے دی۔ خصوصی جج ارون بھردواج نے رابڑی دیوی، تیجسوی یادو اور دوسروں کو رقمی ہیر پھیر کے ایک مقدمہ میں بھی 19 نومبر تک ضمانت دی ہے۔ اس عدالت نے لالو پرساد کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ 19 نومبر کو پیش کرنے کی ہدایت بھی کی ہے جن سے مبینہ اسکام کے ضمن میں سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے دائر کردہ مقدمات کے ضمن میں جرح کی جائے گی۔ اس عدالت نے رابڑی اور تیجسوی کو سی بی آئی کے مقدمہ میں فی کس ایک لاکھ روپئے کے شخصی مچلکہ اور مساویانہ رقم پر یہ ضمانت دی ہے، تاہم ملزمین کو (ای ڈی) کے مقدمہ میں صمانت نہیں دی گئی کیونکہ اس ادارہ نے ضمانت کی درخواستوں پر جواب داخل کرنے کے لئے وقت دینے کے استدعا کی تھی۔