موبائل صارف صارفین فورم سے رجوع ، 93 ہزار روپئے نقصان کی پابجائی کی ہدایت
حیدرآباد۔25فروری (سیاست نیوز) صارفین فورم نے ریلائنس موبائیل کمپنی کو ہدایت دی کہ وہ اپنے صارف کو درکار خدمات کی فراہمی میں ناکامی کے سبب 93 ہزار روپئے ادا کریں۔ ریلائنس کمپنی کے صارف کمل کھنڈیلوال نے شخصی طور پر صارفین فورم سے رجوع ہوتے ہوئے اس بات کی شکایت کی تھی کہ انہوں نے اپنے دورۂ دبئی کے دوران بین الاقوامی رومنگ کے سلسلہ میں درخواست دیتے ہوئے درکار رقم جمع کروائی تھی لیکن انہیں یہ خدمات فراہم نہیں کی گئی اور انہوں نے متعدد مرتبہ ای میل اور فون کالس کے ذریعہ اس بات کی شکایات درج کروائی لیکن اس کا کوئی حل نہیں نکالاگیا جس کے سبب انہیں ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا ۔ کمل نے اپنی شکایت میں بتایا کہ وہ کاروبار کے سلسلہ میں دبئی روانہ ہوئے تھے جہاں ان کی موبائیل خدمات کے کارکرد نہ ہونے کے سبب انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے انہوں نے کمپنی کو متعدد ای میل روانہ کئے اور فون کالس کے ذریعہ شکایت کی لیکن ا ن کی ان شکایات پر کمپنی نے کوئی کاروائی نہیں کی جس کے سبب وہ ریلائنس کے خلاف صارفین فورم سے رجوع ہونے پر مجبور ہوئے ہیں ۔ ان کے مقدمہ کی سماعت کے بعد رنگاریڈی ضلع صارفین فورم نے ممبئی کی کمپنی آر۔کام کو ہدایت دی کہ وہ خدمات کی فراہمی میں ناکامی کے ہرجانہ کے طور پر 80ہزار روپئے اداکریں اور نقصانات کی پابجائی کے لئے 10000روپئے ادا کریں اس کے علاوہ 3000 روپئے قانونی چارہ جوئی کے اخراجات کے طور پر ادا کئے جائیں ۔ ریلائنس کمیونیکیشن لمیٹیڈ کے وکیل دفاع نے کمل کھانڈیلوال کے اس مقدمہ میں کئے گئے فیصلہ کو کوئی چیالنج نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ صارف نے کمپنی سے رابطہ میں رہنے اور شکایات درج کروانے کے مکمل دستاویزات اور شواہد پیش کئے ہیں اور اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ کمپنی کی جانب سے کی گئی کوتاہی کو ثابت کرسکے۔ کمل کھانڈیلوال نے بتایا کہ صارفین فورم میں شخصی طور پر مقدمہ کی پیروی کی صورت میں جن تکالیف کا سامنا کرنا پڑا ہے انہیں مؤثر انداز میں پیش کیا جا سکتا ہے اور صارفین فورم کے متعلق ان کی رائے ہے کہ شخصی طور پر مقدمہ کا سامنا کرنے والے صارفین کے مقدمہ کی سماعت عاجلانہ طور پر کی جاتی ہے۔ انہوںنے بتایاکہ سابق میں بھی اس طرح کا مقدمہ صارفین فورم میں دائر کیا جاچکا تھا جس میں صارف نے کمپنی کے خلاف اس طرح کی شکایت کی تھی اور بتایا تھا کہ بین الاقوامی خدمات کی شروعات کے لئے 1626 روپئے جمع کروائے گئے تھے اور غیر ضروری خدمات کے معطل ہونے سے محفوظ رہنے کیلئے 1373 روپئے جمع کروائے گئے تھے لیکن اس کے باوجود دبئی میں کمپنی خدمات کی فراہمی سے قاصر رہی تھی۔