وجئے واڑہ ۔23 نومبر ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے حکومت چین سے اپیل کی ہے کہ مجوزہ ریشم شاہراہ کو براہ وشاکھاپٹنم جاری رکھا جائے ۔ انہوں نے آج چین کے عہدیداروں کی ٹیم سے ملاقات کی جس کی قیادت انٹرنیشنل ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی منسٹر چین فنگ ژیانگ کررہے تھے ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ آندھراپردیش ‘ کولکتہ اور چینائی بندرگاہوں کے درمیان واقع ہے اور اسے جنوب مشرقی ایشیاء کیلئے حمل و نقل کے مرکز کے طور پر فروغ دیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے امراوتی کی اہمیت بھی واضح کی اور چین کی ٹیم سے خواہش کی کہ وہ اسے شنگھائی کے بعد اپنا دوسرا گھر تصور کریں۔ انہوں نے کہا کہ امراوتی دنیا کے پانچ سرکردہ شہروں میں ایک ہوگا اور چین اس میں پارٹنربن سکتا ہے ۔