جیکسن ویلی، فلوریڈا 27 اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں فلوریڈا کے جیکسن ویلی میں واقع ایک ریسٹورنٹ میں آن لائن ویڈیو گیم ٹورنامنٹ کے دوران ایک مسلح شخص کے حملہ میں چار افراد ہلاک جبکہ کئی دیگر زخمی ہو گئے ۔ فلوریڈا پولیس اور مقامی میڈیا نے اس واقعہ کی اطلاع دی ہے ۔ جیکسن ویلی کے پولیس افسر شیرف مائیک ولیمز نے بتایا کہ ایک مشتبہ مرد واقعہ کے مقام پر مردہ پایا گیا۔ انہوں نے بڑے پیمانے پر فائرنگ کی وجہ بتانے سے انکار کر دیا۔ فلوریڈا میں گزشتہ دو برسوں میں فائرنگ کا یہ تیسرا بڑا واقعہ ہے ۔فلوریڈا کے شمال مشرق میں واقع پرانے شہر جیکسن ویلی میں تفریحی مرکز اور مارکیٹ میں اتوار کی دوپہر گولیاں چلنے کی آواز سنائی دی جس کے بعد درجنوں ایمبولینس اور پولیس کی گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ایک ویب سائٹ کے مطابق شکاگو پزا ریسٹورنٹ کے اندر جی ایل ایچ ایف گیم بار میں’میڈن- 19′ آن لائن گیم کے دوران فائرنگ ہوئی۔ سوشل میڈیا پر شیئر کئے گئے اس واقعہ کے ویڈیو فوٹیج کے مطابق فائرنگ اس وقت ہوئی جب فٹ بال ویڈیو گیم آن لائن جاری تھا۔ ویڈیو فوٹیج میں گولی چلنے پر کھلاڑیوں کو چیختے چلاتے دیکھا گیا۔