اوکلاہوما سٹی (یو ایس) ۔ 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اوکلاہوما کی ایک ریستوان میں ایک شخص اپنے ہاتھ میں پستول لئے ہوئے ڈنر کے وقت پہنچا اور فائرنگ کردی جس میں ریستوان میں آئے ہوئے دیگر دو گاہک زخمی ہوگئے۔ قبل اس کے کہ حالات مزید بگڑتے پارکنگ لاٹ میں موجود ایک شہری نے صورتحال کا اندازہ لگاتے ہوئے اپنی بندوق سے فائر کرکے حملہ آور کو ہلاک کردیا۔ اطلاعات کے بعد فائرنگ کا یہ واقعہ ’’لوئیز آن دی لیک‘‘ نامی ریستوراں میں کل شام 6:30 بجے رونما ہوا۔ دریں اثناء پولیس ترجمان کیپٹن بومیتھیوز نے بتایا کہ فائرنگ میں ایک خاتون اور ایک بچی زخمی ہوگئے جنہیں بغرض علاج ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے جہاں انکی حالت خطرہ سے باہر بتائی گئی ہے۔ فائرنگ کی زد سے بچنے کیلئے اسی ریستوران میں موجود ایک دیگر گاہک کا وہاں سے فرار ہونے کی کوشش میں بازو فریکچر ہوگیا جس کا علاج کیا جارہا ہے۔