ریزیڈنشیل اسکول ٹیچرس تقررات کے لیے علحدہ بورڈ کی تشکیل

چار ہزار اساتذہ کے تقررات کے لیے آئندہ ماہ اعلامیہ کی اجرائی ، حکومت تلنگانہ کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : حکومت نے ریزیڈنشیل اسکولس ٹیچرس کے تقررات کے لیے علحدہ بورڈ تشکیل دینے کی منظوری دے دی ہے ۔ 4000 ٹیچرس کے تقررات کے لیے ماہ مئی کے پہلے ہفتہ میں اعلامیہ جاری کرنے اور ماہ اکٹوبر تک تقررات کے عمل کی تکمیل کرنے کی منصوبہ بندی تیار کی گئی ہے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ ریزیڈنشیل ایجوکیشن اسٹاف ریکروٹمنٹ بورڈ کو منظوری دینے کے فائل پر چیف منسٹر کے سی آر نے دستخط کردی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ حکومت نے تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن پر کام کا بوجھ کم کرنے اور ٹیچرس تقررات کے عمل کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے ۔ حکومت نے محکمہ سوشیل ویلفیر کے سکریٹری آر ایس پروین کمار کو تلنگانہ اسٹیٹ ریزیڈنشیل ایجوکیشن اسٹاف ریکروٹمنٹ بورڈ کا کنوینر نامزد کیا ہے ۔ اور ساتھ ہی ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتی ریزیڈنشیل اسکولس کے سکریٹریز اور جے این ٹی یو ایچ کے وائس چانسلر کو بحیثیت ارکان شامل کیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں ایک دو دن میں حکومت کی جانب سے احکامات جاری کئے جانے کا امکان ہے ۔ حکومت نے تمام ریزیڈنشیل اسکولس میں 8300 ٹیچرس جائیدادوں پر تقررات کرنے کی ذمہ داری تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کو سونپ دی تھی ۔ لیکن دیڑھ سال میں تقررات کا عمل مکمل نہیں ہوا ہے ۔ تقررات کے عمل میں تیزی لانے کے لیے حکومت نے علحدہ بورڈ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ماضی میں ریزیڈنشیل اسکولس میں تقررات کا عمل متعلقہ سوسائٹیز کے ذمے تھا ۔ متحدہ آندھرا پردیش میں آخری مرتبہ 2005 میں تقررات کیے گئے تھے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد کے جی تا پی جی مشین کے تحت محکمہ تعلیم اور ریزیڈنشیل اسکولس ٹیچرس کے تقررات کی ذمہ داری تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کو دی گئی ۔ اس ادارے میں عملے کی کمی اور دیگر وجوہات کے باعث تقررات کے عمل میں تاخیر ہورہی ہے ۔ جس کا جائزہ لینے کے بعد علحدہ بورڈ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ نئے تشکیل دئیے گئے بورڈ کے تحت 4 ہزار ٹیچرس کے مختلف زمرے میں تقررات کے لیے اعلامیہ جاری کیا جائے گا ۔ ٹیچرس جائیدادوں پر تقررات کے لیے تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کی جانب سے پریلمس اور مینس تحریری امتحان نظام پر عمل کیا جاتا ہے ۔ پہلے پریلمس کا انعقاد کیا جاتا ہے ایک پوسٹ کے لیے 15 امیدواروں کا انتخاب کیا جاتا ہے پھر ان کے ذریعہ مینس کا اہتمام کیا جاتا تھا ۔ بعد ازاں میرٹ لسٹ تیار کی جاتی ہے لیکن نئے تشکیل دئیے گئے بورڈ کے ذریعہ پریلمس کے دوسرے دن مینس ٹسٹ کا انعقاد کرتے ہوئے دونوں امتحانات میں حاصل کردہ مارکس کی بنیاد پر میرٹ لسٹ تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ امیدوار پر دباؤ کم کرنے اور وقت کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ۔ مئی میں اعلامیہ جاری کرنے اور اکٹوبر تک تقررات کا عمل کرنے کی منصوبہ بندی تیار کی گئی ہے ۔۔