ریزرو بینک کی دو ماہی مالیاتی پالیسی کا آج اعلان ‘ شرح سود میں تبدیلی کا امکان نہیں

نئی دہلی 4 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) ریزرو ینک آف انڈیا کی جانب سے اپنی دو ماہی مالیاتی پالیسی کا کل اعلان کیا جائیگا اور یہ امید کی جا رہی ہے کہ بینک کی جانب سے شرح سود میں کسی طرح کی تبدیلی نہیں کی جائیگی ۔ ریزرو بینک کی جانب سے اس پالیسی کا ایسے حالات میں اعلان کیا جانے والا ہے جب یہ اندیشے ظاہر کئے جا رہے ہیں کہ کم بارش کے نتیجہ میں ملک میں غذائی افراط زر کی شرح میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ غذائی افراط زر کی شرح 8 فیصد کے اوپر رہنے کے نتیجہ میں ریزرو بینک کو اپنی پالیسی کی تدوین میں مشکلات پیش آسکتی ہیں ۔ ریزرو بینک کا یہ مسلسل ادعا تھا کہ افراط زر کی شرح پر قابو پانا اس کی اولین ترجیح ہے ۔ کچھ غذائی اجناس جیسے ٹماٹے ‘ پیاز ‘ آلو وغیرہ کی قیمتیں چونکہ معمول سے زیادہ ہیں اور مانسون معمول سے کم ہے یہ اندیشے ظاہر کئے جارہے ہیں کہ غذائی اجناس کی قیمتیں اور افراط زر کی شرح میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ مانسون ماہ جولائی کے ختم تک معمول سے 23 فیصد تک کم رہا ہے ۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی صدر نشین اروندھتی بھٹاچاریہ نے کہا کہ ریزرو بینک کی جانب سے امکان ہے کہ شرح سود کو برقرار رکھا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں مالیاتی پالیسی کے اعلان کے وقت شرح سود میں کسی طرح کی تبدیلی نہیں کی جاسکتی ۔ تاہم یہ امیدیں کی جا رہی ہیں کہ رقومات کی دستیابی کے معاملہ میں بینک کی جانب سے کچھ اعلان کیا جاسکتا ہے ۔ اورئینٹل بینک آف کامرس کے صدر نشین و مینیجنگ ڈائرکر ایس ایل بنسل نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ شرح سود کے محاذ پر بینک کی جانب سے کوئی تبدیلی نہیں کی جائے ۔ ایچ ڈی ایف سی بینک کے نائب مینیجنگ ڈائرکٹر پریش سکتھانکر نے کہا کہ ہمارا خیال یہ ہے کہ پالیسی ریٹس حسب معمول مستحکم رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کم از کم فی الحال یہی تاثر ہے کہ ہم کو جملہ گھریلو پیداوار میں بہتری اور استحکام پر جاریہ سال توجہ دینا ہے ۔ ہم شرح سود میں کمی کی امید کر رہے ہیں۔ جس طرح سے ملک کی معیشت میں سدھار اور بہتری کی امیدیں ظاہر کی جا رہی ہیں ان کا زیادہ تر دار و مدار پالیسی ماحول پر ہے اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جانا ضروری ہے ۔ تاہم اس کیلے ضروری نہیں ہے کہ شرح سود میں کسی طرح کی کمی کی جائے ۔ انڈین اوورسیز بینک کے بموجب بینک کی پالیسی کے اعلان میں سود کی شرح میں کسی طرح کی تبدیلی کی امید نہیں ہے تاہم ہوسکتا ہے کہ کچھ دوسرے امور میں بینک کسی طرح کی تبدیلیوں کا اعلان کرے ۔ جون میں اپنے ریویو کا اعلان کرتے ہوئے بینک نے پالیسی ریٹ میں کسی طرح کی تبدیلی سے گریز کیا تھا ۔ یہ دوسرا مسلسل موقع ہے جب گورنر آر بی آئی رگھو رام راجن نے شرح سود میں کسی طرح کی تبدیلی سے گریز کیا ہے ۔