حملہ آور کمسن پاکٹ مارگرفتار‘ پولیس کی پوچھ گچھ جاری
حیدرآباد۔23جون ( پی ٹی آئی) ایک کمسن مجرم اور پاکٹ مار کو پولیس نے آج گرفتار کرلیا جو گذشتہ روز ایک سیل فون کے سرقہ کے دوران پکڑا جانے کے بعد ریزر بلیٹ سے حملہ کرتے ہوئے ڈی آر ڈی او کے ریجنل ڈائرکٹر کو شدید زخمی کردیا تھا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس سروا سریشٹ ترپاٹھی نے کہا کہ ’’ 16سالہ حملہ آور جو گذشتہ روز پیش آئے واقعہ کے بعد تحویل میں لیا جاچکا ہے ۔ حسینی علم پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر اے بالاجی نے کہا کہ اس کمسن کی نشاندہی ہوچکی ہے جو پاکٹ مارتا ہے اور نشہ کیلئے ’’ وہائٹنر‘‘ کے استعمال کا عادی ہے ۔ حال ہی میں اس کو طلائی چین کے سرقہ کے ضمن میں گرفتار کیا گیا تھا ۔
ایک مقامی شخص سے جھگڑے پر بھی اس کی گرفتاری عمل میں آئی تھی لیکن کم عمری کے سبب ضمانت پر رہا کیا گیا تھا ۔ اس دوران ڈی آر ڈی او کے ریجنل ڈائرکٹر آر کے ست پتی کی حالت خطرہ سے باہر بتائی گئی ہے جو گذشتہ روز مبینہ طور پر ریزر بلیڈ سے پاکٹ مار کے حملہ میں شدید زخمی ہوگیا تھا اور ان کا بہت زیادہ خون بہہ گیا تھا ‘ پولیس نے ان کا بیان قلمبند کرلیا ہے ۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب مسٹر ست پتی ڈی آر ڈی او کے دیگر 15عہدیداروں کے ساتھ سیر سیاحت اور شاپنگ کے لئے علاقہ چارمینار گئے ہوئے تھے کہ کمسن پاکٹ مار نے مسٹر ست پتی کے ایک ساتھی کے سیل فون کا سرقہ کرلیا لیکن مقامی افراد نے اس کو فی الفور پکڑتے ہوئے مسٹر ست پتی کے حوالہ کردیا تھا ۔ واقعہ کی اطلاع پولیس کو دی ہی گئی تھی کہ کمسن پاکٹ مار نے ریزر بلیڈ سے ست پتی پر حملہ کردیا اور مقام واردات سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے اقدام قتل اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے ۔