حیدرآباد 5 مئی (پی ٹی آئی) تلنگانہ کے ویجلنس اینڈ انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ نے ریت کی غیرقانونی نکاسی اور منتقلی کے 305 واقعات کا پتہ چلاتے ہوئے اِن سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف فروری اور اپریل کے دوران 1.15 کروڑ روپئے کے جرمانے عائد کئے۔ ریاست کے مختلف مقامات پر ریت کی غیرقانونی منتقلی میں ملوث گاڑیوں کے خلاف 241 مقدمات درج کرتے ہوئے 87.23 لاکھ روپئے بطور جرمانہ وصول کئے گئے۔ 23 واقعات میں اِس بات کا انکشاف ہوا کہ گاڑیاں مقررہ مقدار سے زائد ریت منتقل کررہے تھے جن سے بطور جرمانہ 7.95 لاکھ روپئے وصول کئے گئے۔ ڈائرکٹر جنرل (ویجلنس اینڈ انفورسمنٹ) ٹی پی داس نے اِن تفصیلات کا انکشاف کیا اور کہاکہ ماباقی 41 کیسیس میں لاریوں کو مقررہ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے متصلہ ریاست آندھراپردیش سے ریت منتقل کرتے ہوئے پکڑا گیا جن سے 20 لاکھ روپئے بطور جرمانہ وصول کئے گئے۔