وزیر مارکٹنگ ہریش راؤ کی حکام کو ہدایت ‘ 10 ڈسمبر تک مہلت
حیدرآباد۔ یکم ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر مارکیٹنگ ہریش راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ 10 ڈسمبر تک تمام ریتو بازاروں کو نقد رقمی لین دین سے پاک بنادیں۔ ریاستی وزیر آبپاشی و مارکیٹنگ ہریش راؤ نے بڑی نوٹوں کی منسوخی کے بعد مارکیٹنگ عہدیداروں کا جائزہ لیا اور کہا کہ ہریتاہرم پروگرام کامیاب بنانے میں ریاست کے تمام محکمہ جات میں محکمہ مارکیٹنگ سرفہرست رہا ہے۔ اس طرح نقد رقمی لین دین سے پاک بنانے میں بھی محکمہ مارکیٹنگ کو سرفہرست بنانے کیلئے کام کرنے کا مشورہ دیا۔ ورنگل مارکٹ کمیٹی نے جو طریقہ کار اپنایا ہے۔ اس کی تقلید کرکے ریاست کے تمام ریتو بازاروں کو کیاش لیس منی میں تبدیل کرنے پر زور دیا۔ مارکٹ میں زیرو دھندہ کو کنٹرول کرنے کیاش لیس منی اسکیم کو معاون و مددگار قرار دیا۔ ہریش راؤ نے سالانہ 35,000 کروڑ روپئے کاروبار کرنے والا مارکیٹنگ شعبہ بڑا شعبہ ہونے کا دعویٰ کیا۔ نقد رقمی لین دین سے مارکٹ یارڈس کو پاک بنانے آئی سی آئی سی آئی بینک کی جانب سے منعقد کئے جانے والے شعور بیداری پروگرامس سے استفادہ کا مشورہ دیا۔ مارکٹ میں کام کرنے والے حمالی اور دوسرے مزدوروں کا بینک اکاؤنٹس کھلانے کا بھی مشورہ دیا۔