ریتوبندھو اسکیم کا 10 مئی کوآغاز

چیف منسٹر حضور آباد میںافتتاح کریں گے،وزراء کودیگر اضلاع میں شرکت کی ہدایت
حیدرآباد۔/6مئی، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 10مئی کو 11 بجے دن کریم نگر ضلع کے حضور آباد میں ریتو بندھو اسکیم کے چیکس اور نئے پٹہ دار پاس بکس کی اجرائی کا آغاز کریں گے۔ اسی دن 11:15 بجے ریاست بھر میں اسکیم کا باقاعدہ آغاز ہوگا جس میں ریاستی وزراء اور عہدیداروں کی جانب سے کسانوں میں ریتو بندھو اسکیم کے چیکس اور پٹہ دار پاس بکس کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ چیف منسٹر کے دفتر نے بتایا کہ دوسرے دن سے صبح 7 تا 11 بجے دن اور شام 5 تا 7:30 بجے چیکس اور پاس بکس کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ ریاست میں شدید گرمی کی صورتحال کے پیش نظر ان اوقات کا تعین کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تقسیم کے مراکز پر پینے کے پانی کا معقول انتظام کیا جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کسانوں کے چیکس اور پاس بکس متعلقہ اضلاع پہنچ چکے ہیں لہذا عہدیداروں کو ضلع واری سطح پر تقسیم کی نگرانی کرنی چاہیئے۔ چیف منسٹر نے ہدایت دی کہ تقسیم سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر اطلاعات پہلے ہی سے مقامی عوام کو دے دی جائے۔ ریاستی وزراء برائے مال اور زراعت کے علاوہ متعلقہ عہدیدار تقسیم کے مراکز کا دورہ کرتے ہوئے پروگرام پر عمل آوری کا جائزہ لیں گے۔ چیف منسٹر نے اضلاع سے تعلق رکھنے والے وزراء کو پروگرام میں حصہ لینے کی ہدایت دی تاکہ کسانوں کو اسکیم کے فوائد سے واقف کیا جاسکے۔ ریتو بندھو اسکیم کے چیکس اور پٹہ دار پاس بکس کی تقسیم 17 مئی تک جاری رہے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ضلع نلگنڈہ کے مریال گوڑہ اور سوریا پیٹ میں تقسیم کے پروگرام میں حصہ لیں گے۔ وزیر زراعت پوچارم سرینواس ریڈی محبوب نگر کے ناگرکرنول میں شرکت کریں گے۔ ریتو بندھو اسکیم کے کسانوں کو فی ایکر 4 ہزار روپئے کی امداد تقسیم کی جارہی ہے اور یہ 2 ایکرس تک محدود رہے گی۔