ریتوبندھو اسکیم صرف زمینداروں کو فائدہ : محمد علی شبیر کا رد عمل

حیدرآباد 2 جون ( آئی این این ) تلنگانہ قانون ساز کونسل میں اپوزیشن کے لیڈر محمد علی شبیر نے آج الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت کی ریتو بندھو اسکیم سے صرف زمینداروں کو فائدہ ہو رہا ہے حقیقی کسانوں کو نہیں۔ تلنگانہ یوم تاسیس کے موقع پر چیف منسٹرکی تقریر پر اپنے رد عمل میں محمد علی شبیر نے کہا کہ اس اسکیم میں کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریتو بندھو اسکیم کا بیجا استعمال کیا جا رہا ہے اور اس سے غریب کسانوں کو کھادوں اور بیجوں پر سبسڈی حاصل نہیں ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر صرف کانگریس پر الزام تراشیاں کر رہے ہیں اور وہ تلنگانہ عوام کو کوئی نئی اسکیم پیش کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں جو کچھ ہو رہا ہے بلکہ بارش بھی ہو رہی ہے تو اس کا سہرا کے سی آر اپنے سر باندھ رہے ہیں۔ تاہم وہ تمام برائیوں اور خود اپنی ناکامیوں کیلئے کانگریس کو کوسنے میں مصروف ہیں۔ وہ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں بھی ناکام ہوگئے ہیں اور اس کیلئے بھی کانگریس کو ذمہ دار قرا ردے رہے ہیں۔