ریاض کی شمولیت میرا فیصلہ تھا:کوچ آرتھر

برمنگھم۔5 جون (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے سلسلے میں ہندوستان کے خلاف میچ میں وہاب ریاض کو کھلانا ان کا اپنا فیصلہ تھا جس کی وہ ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستانی کوچ نے کہا یہ کہنا سراسر غلط ہے کہ پاکستانی اسکواڈ ان کے ماتحت ہے۔ایک سال قبل ہی پاکستانی ٹیم کی بطور کوچ ذمہ داریاں سنبھالنے والے مکی نے کہا ’یہ کہنا کہ ہم برا کھیل پیش کر رہے تھے، ہماری بے عزتی ہے۔انہوں نے گذشتہ برس پاکستان ٹیم کی فتوحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گزشتہ برس 2 سیریز جیتنے میں کامیاب ہوا جبکہ ونڈے کرکٹ میں بھی ٹیم نویں سے آٹھویں نمبر پر آئی ہے ۔مکی آرتھر نے کہا کہ یہ پاکستان ٹیم کا برا دن تھا اور ٹیم اسے بدلنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔محمد عامر اور وہاب ریاض کی فٹنس کے بارے میں کوچ نے کہا کہ میں نہیں جانتا کہ ایسا کیوں ہوا لیکن میں اس معاملے کو میڈیکل ٹیم کے سامنے اٹھاؤں گا۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں ہندوستان کے خلاف کھیلتے ہوئے فاسٹ بولر وہاب ریاض نے 8.4 اوورز میں 87 رنز دیے جو اب تک ایونٹ کی تاریخ میں کسی بھی فاسٹ بولر کی سب سے ناقص کارکردگی ہے جبکہ محمد عامر نے 8.1 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ حاصل کئے 36 رنز دیے ۔دوسری جانب ٹیم کے کپتان نے اپنے بولروں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ 40 اوورس تک مقابلے پر پاکستان کا کنٹرول تھا لیکن اختتامی اوورس میں ہندوستانی بیٹسمینوں کو ہم تیزی سے رنز بنانے سے روکنے میں ناکام رہے۔بیٹسمینوں کے مظاہروں پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ہوئے سرفراز نے کہا کہ ٹیم کو آئندہ مقابلوں میں فتوحات کے لئے جلد ہی خامیوں پر قابو پانا ہوگا۔