قطر کی عدم شرکت ، آئندہ سال یو اے ای میزبان
ریاض۔ 9 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے آج ریاض میں 39 ویں خلیج تعاون کونسل چوٹی کانفرنس کا افتتاح کیا۔ اس چوٹی کانفرنس میں علاقائی اتحاد پر زور دیا جائے گا جہاں کئی مسائل پائے جاتے ہیں۔ خلیجی تعاون سے متعلق ان مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔ اپنے افتتاحی خطاب میں شاہ سلمان نے ایرانی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ دہشت گردی پر عمل پیرا ہے اور خطہ کے عدم استحکام کیلئے خطرہ پیدا کررہی ہے۔ اس چوٹی کانفرنس میں قطر کے امیر نے شرکت نہیں کی۔ دیگر عرب خلیجی ممالک کے قائدین نے بھی اس کانفرنس کا بائیکاٹ کیا ہے۔ یمن میں جنگ دوحہ کے ساتھ 18 ماہ پرانے تنازعہ اور استنبول میں سعودی قونصل خانہ کے اندر صحافی جمال خشوگی جیسے تنازعات کے درمیان ہونے والی خلیجی تعاون کونسل کی چوٹی کانفرنس پر مابقی دنیا کے قائدین کی نظر ہیں۔ قطر کے امیر کے بجائے اس کانفرنس میں قطر کے وزارت خارجی اُمور کے وزیر سلطان المرقی نمائندگی کررہے ہیں۔ سعودی عرب کے ساتھ بحرین اور متحدہ عرب امارات نے 2017ء میں دوحہ کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کو منقطع کرلئے ہیں۔