حیدرآباد ۔ 27 ۔ مئی : ( نمائندہ خصوصی ) : اس نے ریاضی ( میاتھمیٹکس ) کو اپنی زندگی کا اوڑھنا بچھونا بنالیا ہے ۔ بلا لحاظ مذہب و ملت رنگ و نسل ذات پات وہ بچوں کو ریاضی کی آسان و قابل فہم انداز میں تربیت فراہم کرتا ہے ۔ اسے اپنا وہ تعلیمی دور بھی یاد ہے جب انجینئرنگ کے امتحان کی فیس کے لیے رقم نہ ہونے کے باعث اس کے والد نے دوسروں سے قرض لے کر اپنے بیٹے کی فیس ادا کی تھی ۔ تب ہی اس نے تہیہ کرلیا تھا کہ وہ دوبارہ اپنے والدین پر فیس کا بوجھ عائد نہیں کرے گا ۔ بلکہ اپنے بل بوتے پر ہی تعلیم حاصل کرے گا ۔ اسے اپنے اس نیک مقصد میں کامیابی حاصل ہوئی اور وہ اب بھی اس بات پر خوش ہے کہ تعلیمی اخراجات کی پابجائی کا بوجھ والدین پر نہ ڈالنے میں اسے کامیابی ملی اور ان ہی کی دعاؤں کا نتیجہ ہے کہ آج یہ شخص نئی نسل کو ریاضی کی تعلیم دے رہا ہے ۔ قارئین ہم بات کررہے ہیں ملک کے ممتاز ماہر ریاضی مسٹر وی وی این ایس رام کی جنہوں نے نئی نسل میں ریاضی سیکھنے کا شوق پیدا کرنے کی خاطر اپنی زندگی اسی مضمون کے لیے وقف کردی ہے ۔
مسٹر رام تقریبا 20 برسوں سے طلبہ کو انتہائی آسان انداز میں ریاضی ( حساب ) کی تربیت دے رہے ہیں ۔ انہوں نے تاحال چھوٹی جماعتوں سے لے کر انجینئرنگ کے ہزاروں طلبہ کو ریاضی کی تعلیم دی ہے ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے مسلمانوں میں تعلیمی و معاشی بیداری کی جو مہم شروع کی ہے اسی مہم اور تحریک کے ایک حصہ کے طور پر ہر سال موسم گرما کے دوران بچوں کے لیے ’ آسان اور عام فہم انداز میں ریاضی سیکھئے ‘ کلاسیس کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔ چنانچہ گذشتہ 9 برسوں سے وی وی این ایس رام سیاست کے محبوب حسین جگر ہال میں طلبہ کو بڑے ہی دلچسپ انداز میں ریاضی سکھاتے رہے ہیں ۔ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہم نے ریاضی کے ماہر مسٹر رام سے بات چیت کی ۔ انہوں نے راقم الحروف کو بتایا کہ میاتھس یا ریاضی ایک فن ہے اکثر طلباء اسے ایک خشک مضمون سمجھتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ ریاضی ایک دلچسپ مضمون ہے ۔ اسے اگر کوئی ایک مرتبہ سمجھ جائے تو پھر اس کے لیے یہ مضمون خشک نہیں رہتا بلکہ اسے ریاضی کے مسائل حل کرنے میں مزہ آتا ہے ۔
ایک سوال کے جواب میں مسٹر رام نے بتایا کہ اکثر گھروں میں بڑے بھائی بہن اور خود ماں باپ بچوں کو یہ تاثر دیتے ہیں کہ ریاضی ایک مشکل مضمون ہے اس سے طلبہ کے ذہن میں یہی بات گھر کر جاتی ہے ۔ والدین کو چاہئے کہ اپنے بچوں کو ابتداء سے ہی یہ بتائیں کہ سب سے آسان مضمون ریاضی ہے اور اس میں 100 میں سے 100 نمبرات لیے جاسکتے ہیں ۔ مسٹر رام نہ صرف شہر میں طلبہ کو ریاضی کی تربیت فراہم کرتے ہیں بلکہ تروپتی ، بیدر ، کاہتی ، ونپرتی ، محبوب نگر اور دیگر اضلاع میں بھی ریاضی کی کوچنگ کیمپس کا اہتمام کرتے ہیں ۔ انہوں نے 20 سال سے ریاضی کو آسان سے آسان تر بنانے کی کوشش کی اور تحقیق کرتے ہوئے پانچ کتابیں تحریر کی ہیں جو جماعت اول سے لے کر پی ایچ ڈی طلبہ کے لیے بھی مددگار ثابت ہورہی ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر سال کم از کم 5000 طلباء وطالبات کو وہ ریاضی کی تربیت فراہم کرتے ہیں ۔ یہ ایسا مضمون ہے جو انسان کی ذہنی صلاحیتوں میں غیر معمولی اضافہ کرتا ہے ۔ ریاضی زندگی کے ہر شعبہ میں لازمی ہے ۔ انجینئرنگ میں ڈپلوما اور پھر جے این ٹی یو سے 1998 میں بی ٹیک ( سیول انجینئرنگ ) کرنے والے وی وی این ایس رام نے مزید بتایا کہ وہ سری سیلم پاور پراجکٹ پر کام کررہے تھے اس وقت کیلکولیٹر کا استعمال عام تھا ۔ لیکن اس میں پورا حساب نہیں کیا جاسکتا تھا ان حالات میں ریاضی کو آسان بناکر پیش کرنے کا خیال ان کے ذہن میں آیا وہ ریاضی پر مسلسل ریسرچ کررہے ہیں ۔ بچپن میں غربت کے باوجود تعلیم پر توجہ دینے والے مسٹر رام کے مطابق Ram’s Easy way to Learn Mathemetics نامی ان کی کتاب ریاضی کے شوقین طلبہ اور اساتذہ کے لیے بہت مفید ہے ۔ واضح رہے کہ علم ریاضی اور دیگر علوم کے فروغ میں ہندوستانیوں اور عربوں کا اہم کردار ہے ۔
نظام اعشاریہ ہندوستانی ریاضی دانوں کا ہی کارنامہ ہے ہندوستانی ماہرین ریاضی نے دنیا کو صفر کی اہمیت سے واقف کروایا ۔ اس معاملہ میں آریہ بھٹ ، برہما گپتا ، مہاویرا ، بھاسکر دوم ، مادھو اور نلکانتھا سومایاجی کا نام سرفہرست ہے ۔ دوسری طرف مسلم ماہرین ریاضی نے علم اعداد کے فروغ میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ انہیں حساب کو ایک آرٹ یا فن کی شکل میں پیش کرنے کا اعزاز حاصل ہے ۔ دنیا جانتی ہے کہ 9 ویں تا 15 ویں صدی مسلم سائنسداں دنیا پر چھائے رہے 810 میں شہر علم و ہنر بغداد میں عباس خلیفہ مامون رشید کے دور میں بیت الحکمت قائم کیا گیا ۔ جہاں سائنسداں و دانشور اور ماہرین تعلیم تحقیقی کام کیا کرتے تھے ۔ دنیا میں علم ریاضی کی اہمیت واضح کرنے والے مسلم سائنسدانوں میں محمد الخوازرمی ، محمد الخرجی ، ناصر الدین الطوسی ، ثابت این قرا ، این النباء المراقشی ، این طارق ، الکندی ، النساری ، این اسم ، البرونی اندازی و دیگر شامل ہیں ۔ ان ماہرین ریاضی نے اپنی تحقیق اور تصانیف کے ذریعہ دنیا کو انجینئرنگ کا اہم تحفہ دیا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ مسٹر رام کے ویب سائٹ easymathsindia.com پر ان کے تحقیقی کام کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے ۔۔