قومی سطح پر مثالی پراجکٹ ،تلنگانہ طلبہ کا گروپ مشاہدہ کیلئے روانہ ، وزیر آبپاشی کا بیان
حیدرآباد /17 اپریل ( سیاست نیوز ) ریاستی حکومت کے بہ وقار پراجکٹ کالیشورم نے تعمیراتی میدان میں قومی سطح کے تمام ریکارڈ کو توڑ دیا ہے اور دوبئی کے پراجکٹ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ۔ ریاست کی 37 لاکھ ایکڑ اراضی کو سیراب کرنے والے اس پر وقار پراجکٹ کے ملک بھر میں چرچے جاری ہیں ۔ یہ بات ریاستی وزیر بھاری آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ نے بتائی ۔ وہ آج یہاں میڈیا سے رسمی بات چیت کر رہے تھے ۔ انہوں نے تلنگانہ ودیارتھی ویدیکا کے کارکنوں کو جھنڈی دیکھاکر روانہ کیا ۔ تلنگانہ طلبہ کے ایک گروپ 31 اضلاع کے پارٹی کوآرڈینیٹر اور 19 حلقوں کے پارٹی صدر کو کالیشورم پراجکٹ کے مشاہدہ کیلئے روانہ کیا اور واپسی کے بعد اس پراجکٹ کی اہمیت کو عوام میں پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ مسٹر ہریش راؤ نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کے ذریعہ ریاست کی 60 فیصد عوامی ضروریات کی تکمیل ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کو قومی سطح کا درجہ حاصل ہونے کی تمام خوبیاں کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دوبئی میں 72 گھنٹے کے دوران بغیر رکاوٹ کے 21580 کیوبک میٹر کنکریٹ کا کام عمل میں لایا گیا ۔جبکہ کالیشورم پراجکٹ میں صرف ایک سائٹ پر 7139 کیوبک میٹر کنٹریکٹ کا کام جاری ہے اور ایسے 15 تا 20 سائیٹ پر 24 گھنٹے کام جاری ہے ۔ ریاستی وزیر نے بتایا کہ ایل اینڈ ٹی جو دنیا بھر میں 45 تا 50 ممالک میں پراجکٹ کی تعمیر کرلیا ہے ۔ اتنا تیزی سے اور اس انداز سے کہیں اور کسی مقام پر کام جاری نہیں ہے ۔ جہاں 40 ہزار کا عملہ ماہرین انجینئیر دن رات کام میں جٹے ہوئے ہیں ۔ خود ایل اینڈ ٹی کیلئے بھی یہ تاریخی پراجکٹ ثابت ہوا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کے تمام قدیم اضلاع سوائے محبوب نگر سبھی اس پراجکٹ سے مستفید ہوتے ہیں اور محبوب نگر کیلئے جامع پراجکٹ کا بہت جلد اعلان ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2018 کے اختتام تک پانی ایلم پلی پراجکٹ پہونچ جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ایلم پلی گنڈا ، پوچم پلی اور ملاناساگر میں پانی کی آمد کے بعد حیدرآباد کو فوری پانی سربراہ کیا جائے گا ۔ مسٹر ہریش راؤ نے بتایا کہ اس پراجکٹ کو جنگی خطوط پر عمل میں لایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس بہ وقار پراجکٹ کی عمل آوری کیلئے تاحال 71 ہزار ایکڑ اراضی حاصل کی گئی اور متاثرین کو معاوضہ کے علاوہ ان کے بچوں کو خود روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے ۔