کنٹراکٹ لکچررس کے مشاہیر میں اضافہ ، وزیر تعلیم کڈیم سری ہری کا بیان
حیدرآباد۔3۔جنوری (سیاست نیوز) حکومت نے جونیئر و ڈگری کالج میں خدمات انجام دے رہے کنٹراکٹ لکچررس کے مشاہرہ میں اضافہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں سرکاری احکام کی اجرائی بھی عمل میں آچکی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹرو ریاستی وزیر تعلیم مسٹر کڈیم سری ہری نے وقفہ سوالات کے دوران ارکان قانون ساز کونسل جناب سید امین الحسن جعفری اور جناب سید الطاف حیدررضوی کی جانب سے اٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں کنٹراکٹ لکچررس جونیئر اور ڈگری کالجس میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور ان لکچررس کو18000مشاہرہ ماہانہ دیا جا رہا تھا لیکن موجودہ حکومت نے ان کنٹراکٹ لکچررس کے مشاہرے میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 27ہزار روپئے ماہانہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں 24ڈسمبر 2016کو جی او آرٹی نمبر 409کی اجرائی عمل میں لائی جا چکی ہے۔ مسٹر کڈیم سری ہری نے کہا کہ لکچررس کی خدمات کے حصول کے ذریعہ ریاست کے کالجس میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ان حالا ت میں کنٹراکٹ لکچررس کے مشاہرے میں اضافہ ناگزیر تھا تاکہ ان کی خدمات کو مزیدبہتر بنایا جا سکے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے کنٹراکٹ پر خدمات انجام دے رہے لکچررس کے مسائل کو حل کرنے کے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔جناب سید الطاف حیدر رضوی اور جناب سید امین الحسن جعفری نے وقفہ سوالات کے دوران مسئلہ اٹھاتے ہوئے حکومت سے یہ بات جاننی چاہی کہ کیا ریاست کے سرکاری ڈگری اور جونیئر کالجس میں کنٹراکٹ لکچررس کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں؟ ارکان قانون ساز کونسل کے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے مسٹر کڈیم سری ہری نے کہا کہ ہاں ریاست کے سرکاری ڈگری و جونیئر کالجس میں کنٹراکٹ لکچررس کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں لیکن امدادی ڈگری یا جونیئر کالجس میں کوئی کنٹراکٹ لکچررس کی خدمات حاصل نہیں کی گئی ہیں۔انہوں نے مشاہرے کے متعلق سوال کا تفصیلی جواب دیتے ہوئے کہا کہ متعدد نمائندگیوں کے بعد حکومت نے ان کنٹراکٹ لکچررس کی تنخواہ میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے ۔