ریاست کے حجاج کرام کا پہلا قافلہ مدینہ منورہ پہنچ گیا

دربارنبوی ﷺ میں حاضری، تمام حجاج کرام بخیروعافیت، پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد ۔ 11 اکٹوبر (پریس نوٹ) فریضہ حج کی تکمیل اور حج کے تمام ارکان کی تکمیل، نفلی حج و طواف اور دیگر عبادتوں کے اختتام کے بعد ریاست کے حجاج کرام کا پہلا قافلہ درود و سلام اور دعا و اذکار کا ورد کرتے ہوئے بادیدہ نم عالم اسلام کے دوسرے مقدس ترین شہر مدینتہ النبی ﷺ پہنچ گیا، جس نے وارفتگی کے عالم میں دربار نبوی ؐ میں حاضری کا شرف حاصل کیا۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے جو عازمین کی مکہ مکرمہ روانگی کے وقت سے ہی خادم الحجاج، حج کمیٹی کے عہدیداروں اور انڈین حج مشن کے ذمہ داروں سے مسلسل ربط میں ہیں، بتایا کہ آج صبح سے بسوں کے ذریعہ حجاج کرام کی مدینہ منورہ روانگی عمل میں آئی۔ اقطاع عالم سے تعلق رکھنے والے لاکھوں حجاج کرام کے ساتھ ریاست تلنگانہ کے عازمین کا پہلا قافلہ بھی ایک عجیب اشتیاق اور وارفتگی کے عالم میں مدینہ منورہ روانہ ہوا۔ حجاج کرام صبح سے ہی درود و سلام کا نذرانہ اور تسبیح و تہلیل میں مشغول تھے۔ مدینہ منورہ پہنچنے کے بعد وہ اپنی رہائش گاہوں میں منتقل ہوگئے اور تمام ضروری کارروائیوں کی تکمیل اور اپنے کارڈ حاصل کرنے کے بعد سیدھے مسجد نبوی ؐ پہنچے اور وہاں درود و سلام کے نذرانے کے ساتھ روضہ نبوی ؐ کی زیارت کی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ حجاج کرام مدینہ منورہ میں 9 دن قیام کے بعد 20 اکٹوبر کو حیدرآباد واپسی کیلئے سعودی عربین ایرلائنز کی خصوصی چارٹرڈ حج فلائیٹ کے ذریعہ پرواز کریں گے اور دوپہر ایک بجے حیدرآباد واپس ہوں گے۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ کے حج ٹرمنل پر حجاج کرام کے استقبال کی تیاریاں جاری ہیں۔ حجاج کرام مدینہ منورہ میں چالیس نمازیں ادا کریں گے اور وہاں مختلف اہم اور تاریخی مقامات کی زیارتوںکی سعادت حاصل کریں گے۔ تمام حجاج کرام بخیروعافیت ہیں اور جو حجاج کرام مکہ معظمہ میں ہیں وہ بھی خیریت سے ہیں۔ ان کی عمارتوں میں تمام سہولتیں فراہم کرنے کیلئے وہ خادم الحجاج کو پابند کیا گیا ہے جس ترتیب سے حیدرآباد سے عازمین کی روانگی عمل میں آئی تھی اسی ترتیب سے تمام تر قافلے مدینہ منورہ پہنچیں گے اور اسی ترتیب سے ان کی واپسی عمل میں آئیگی۔ انڈین حج مشن نے حجاج کرام کی منتقلی کو قطعیت دے دی ہے۔