ریاست کی معاشی صورتحال مستحکم

اسمبلی میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ 27۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت صرف قرض حاصل نہیں کر رہی ہے بلکہ اسے ادا کیا جائے گا ۔ اسمبلی میں تصرف بل پر کانگریس کے اتم کمار ریڈی کی جانب سے تلنگانہ کے قرض میں اضافہ کا تذکرہ کرنے پر چیف منسٹر نے مداخلت کی ۔ کے سی آر نے کہا کہ اتم کمار ریڈی خرچ کی رقم کو کم ظاہر کر رہے ہیں جبکہ حقیقت میں یہ 40,000 کروڑ سے زائد ہے جو آبپاشی پراجکٹس کیلئے حاصل کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال 20,000 کروڑ کا قرض ادا کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی معاشی صورتحال مستحکم ہے اور ریاست کی شرح ترقی 15 فیصد تک پہنچ سکتی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ تیزی کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ ایک مرحلہ پر وزیر فینانس ای راجندر نے وضاحت کی کہ حکومت پولٹری صنعت کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد سے پولٹری صنعت کو برقی سربراہی میں رعایت دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولٹری شعبہ  میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے پولٹری صنعت کے بحران میں ہونے کے الزام کو مسترد کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت سے امداد کی خواہش کی جارہی ہے کہ پولٹری صنعت کو زرعی شعبہ میں شمار کیا جائے۔