حیدرآباد 5؍اگسٹ ( سیاست نیوز) تلنگانہ کونسل برائے اعلیٰ تعلیم نے ریاست کی تمام یونیورسٹیوں میں کامن تعلیمی کیلنڈر پر عمل آوری کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں ۔ اس سلسلہ میں کونسل کی جانب سے شیڈول جاری کیا گیا ہے ۔ کونسل کے ذرائع نے بتایا کہ جاریہ تعلیمی سال کے دوران ڈگری کورسیس کیلئے فرسٹ سمیسٹر امتحانات 19 نومبرتا یکم ڈسمبر تک منعقد کیا جائیگا اور دوسرے سمیسٹر کیلئے امتحانات سال 2019 میں 17 اپریل تا 30 اپریل تک منعقد ہونگے ۔ بتایا جاتا ہے کہ 8 ؍ اگسٹ کو تلنگانہ کے تمام وائس چانسلران یونیورسٹیز کے ساتھ گورنر ای ایس ایل نرسمہن ایک اجلاس طلب کررہے ہیں جس میں گذشتہ سال وائس چانسلروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں گورنر نے چند امور کی تکمیل کی ذمہ داری دی تھی ۔ اور اب 8 اگسٹ کے اجلاس میں گورنر گذشتہ اجلاس میں تفویض کردہ ذمہ داریوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے ۔ تلنگانہ ریاستی کونسل برائے اعلی تعلیم ذرائع نے بتایا کہ 8 ؍ اگسٹ کو گورنر کے ساتھ تمام یونیورسٹیز وائس چانسلروں کے اجلاس کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔