انیل گو سوامی کی چیف سکریٹری موہنتی سے ملاقات، محکمہ جات کی عاجلانہ تقسیم پر زور
حیدرآباد 18 مارچ (سیاست نیوز) ریاست کی تقسیم کے عمل میں تیزی پیدا کرنے کے مقصد سے مرکزی وزارت داخلہ کا شعبہ بھی عملی میدان میں اُتر گیا ہے۔ تقسیم کا عمل کس حد تک مکمل ہوا ہے، واقفیت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ جلد سے جلد تقسیم کے جاری عمل کو مکمل کرنے کے لئے ضروری اقدامات کرنے مرکزی حکومت نے سکریٹری مرکزی وزارت داخلہ مسٹر انیل گو سوامی کو ضروری ہدایت کے ساتھ حیدرآباد روانہ کیا ہے جس کی روشنی میں مسٹر انیل گوسوامی نے آج سیدھے شمس آباد ایرپورٹ سے سکریٹریٹ پہونچے اور ریاستی چیف سکریٹری ڈاکٹر پی کے موہنتی (جو ریاست کی تقسیم کے جاری عمل میں اپنا اہم رول ادا کررہے ہیں) سے ملاقات کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر 15 ذیلی کمیٹیوں کے ارکان پر مشتمل سینئر آئی اے ایس عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کرکے سکریٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں مسٹر انیل گو سوامی نے تقسیم کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھراپردیش ریاست کی تقسیم کی تاریخ کا تعین (یعنی یوم تاسیس کا اعلان) ہونے پر مختلف محکمہ جات کی تقسیم کے مسئلہ پر مرکزی حکومت خصوصی ترجیح دے رہی ہے کیونکہ باوثوق ذرائع کے مطابق ریاست کی تقسیم کے لئے جاری عمل میں مبینہ طور پر تاخیر کئے جانے کی مرکز کو موصولہ بعض شکایات کی روشنی میں مرکزی حکومت نے جاری تقسیم کے عمل میں سرعت پیدا کرنے کے مقصد سے سکریٹری مرکزی وزارت داخلہ مسٹر انیل گو سوامی کو خصوصی طور پر حیدرآباد روانہ کرنے کی اطلاعات ہیں، جس کی روشنی میں مسٹر انیل گو سوامی نے حیدرآباد پہونچنے کے ساتھ ہی چیف سکریٹری سے ملاقات کرکے سکریٹریٹ میں دیگر کمیٹیوں کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس طلب کیا۔ اس موقع پر بتایا جاتا ہے کہ انیل گو سوامی نے عہدیداروں کو کئی ایک مشورے دیئے ہیں اور انھیں تفویض کردہ تقسیم عمل کا کام جلد سے جلد مکمل کرلینے کی بھی ہدایت دی ہے
اور کہا گیا کہ مقررہ مدت سے قبل ہی ریاست کی تقسیم کے عمل کو مکمل کرلیا جانا چاہئے۔ تقسیم کے عمل کیلئے تشکیل دی گئی کمیٹیوں میں شامل عہدیداروں کو آپسی تال میل کو برقرار رکھتے ہوئے عاجلانہ طور پر مکمل کرلینے کی ضروری ہدایات دی ہیں اور اب تک جو سکریٹریٹ کی سطح پر ہی خدمات انجام دیتے ہوئے عہدیداروں کی نچلی سطح سے مکمل معلومات حاصل کرنے کی بھی چیف سکریٹری کو ہدایات دیں اور کہاکہ عہدیداروں کی جانب سے دی جانے والی رپورٹس مکمل طور پر شفاف اور غیر جانبدار ہونے کی بھی ہدایت دیں۔ اس دوران مختلف محکمہ جات سے متعلق تقرر کردہ 15 کمیٹیوں کی طرز کارکردگی پر سکریٹری مرکزی وزارت داخلہ مسٹر انیل گو سوامی نے مایوسی کا اظہار کیا اور دریافت کیاکہ اب تک کیا کام مکمل کیا گیا اور اب کیا کام کیا جارہا ہے اور آئندہ کیا کام کیا جائے گا تفصیلات سے واقفیت حاصل کی۔ یوم تاسیس تلنگانہ کے لئے اعلان کردہ تاریخ 2 جون کو ذہن میں رکھتے ہوئے ریاست کی تقسیم کیلئے جاری عمل کے کاموں کو تیزی کے ساتھ مکمل کرلینے کی مسٹر انیل گو سوامی نے ضروری ہدایات دی ہیں۔