ریاست کی تقسیم کو روکنے کی خواہش

حیدرآباد۔ 26 ڈسمبر (پی ٹی آئی) صدر تلگو دیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے صدرجمہوریہ پرنب مکرجی سے اس وقت تک آندھرا پردیش کی تقسیم کا منصوبہ روک دینے کی خواہش کی جب تک مرکزی حکومت تمام فریقین سے بات چیت کے ذریعہ قابل قبول حل تلاش نہ کرلے۔ انہوں نے آج صدرجمہوریہ سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست کی تقسیم کے مسئلہ پر تقریباً 40 منٹ بات کی۔ انہوں نے کہا کہ تقسیم کا یہ عمل دستور کی مکمل خلاف ورزی ہے۔ اس کے علاوہ ایس آر بومائی مقدمہ میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کی بھی خلاف ورزی ہے۔

اس کے علاوہ دستور کی دفعہ 3 کا یکطرفہ اور زبردستی استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کسی اور ریاست میں ایسا کبھی نہیں ہوا۔ بعدازاں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چندرا بابونائیڈو نے کہا کہ تلنگانہ بل کے مسودہ پر دونوں فریقین (تلنگانہ اور سیما۔ آندھرا) ناراض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تقسیم کے طریقہ کار کا جائزہ لینے مرکز نے جو وزارتی گروپ تشکیل دیا ، اس نے آندھرا پردیش کا دورہ کرنا تک مناسب نہیں سمجھا۔ اس وزارتی گروپ نے مسائل حل کرنے کے بجائے نئے مسائل کھڑے کئے ہیں۔