دونوں ریاستوں میں کانگریس مستحکم ۔ بوتسہ ستیہ نارائنا کا بیان
حیدرآباد ۔ 25 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر بوتسہ ستیہ نارائنا نے کہا کہ کانگریس کے وفاداروں کو وار روم اجلاس کے لیے مدعو کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر کے معاملے میں ہائی کمان کے فیصلے کو قبول کیا جائے گا ۔ بہت جلد تلنگانہ اور سیما آندھرا کیلئے دو علحدہ پردیش کانگریس کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی ۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی نے دہلی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سیما آندھرا کے انہیں کانگریس قائدین کو مدعو کیا گیا ہے جو کانگریس سے وابستہ رہنا چاہتے ہیں اور جنہیں سیما آندھرا کے عوامی مفادات سے دلچسپی ہے ۔ کانگریس سے مستعفی ہونے والوں کو اجلاس میں مدعو نہیں کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم تکلیف دہ عمل ہے ۔ مگر ریاست کی تقسیم سے سیما آندھرا سے کوئی نا انصافی نہیں ہوئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سیما آندھرا کو بڑا پیاکیج ملا ہے ۔ خصوصی مراعات کو 5 سال سے بڑھانے ہائی کمان اور مرکزی حکومت سے تبادلہ خیال کررہے ہیں ۔ سیما آندھرا میں کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے اجلاس میں حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔ مسٹر بی ستیہ نارائنا نے کہا کہ کانگریس دونوں علاقوں میں مستحکم ہے اور عام انتخابات میں دونوں علاقوں میں برسر اقتدار آئے گی ۔ سیما آندھرا عوام میں حوصلہ پیدا کرنے اور ان کی ترقی کیلئے کانگریس عوام کے درمیان پہونچ کر کام کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے معاملے میں کانگریس ہائی کمان جو بھی فیصلہ کرے گی اس کو قبول کیا جائے گا ۔ بہت جلد تلنگانہ اور سیما آندھرا کیلئے علحدہ علحدہ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی ۔ اور دونوں کمیٹیاں عوام میں پہونچ کر کانگریس اور یو پی اے کی 10 سالہ کارکردگی کو پیش کریں گے ۔