ریاست کی تباہی کے ذمہ دار قائدین کو مسترد کرنے کا مشورہ

ضلع چتور میں لوکیش نائیڈو کی انتخابی مہم، وائی ایس آر سی پی اور کرن کمار پر تنقید
حیدرآباد 4 مئی (سیاست نیوز) مسٹر نارا لوکیش نائیڈو نے آج اپنے آبائی ضلع چتور میں تلگودیشم پارٹی کے حق میں انتخابی مہم کے دوران کانگریس اور وائی ایس آر کانگریس کے علاوہ سابق چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ اُنھوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ ریاست کی تباہی کے ذمہ دار قائدین کو مسترد کرتے ہوئے بہتر مستقبل کی ضمانت دینے والی تلگودیشم پارٹی کے امیدواروں کو منتخب کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست آندھراپردیش میں تلگودیشم واحد سیاسی جماعت ہے جو کانگریس کے نظریات اور بدعنوانیوں کے خلاف جدوجہد کررہی ہے۔ لوکیش نے سابق چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی کو غیر اہم سیاسی شخصیت قرار دیتے ہوئے کہاکہ بحیثیت چیف منسٹر بھی کرن کمار ریڈی نے کوئی اہم کارنامہ انجام نہیں دیا۔ بلکہ ریاست کو نقصان پہنچانے کے کئی فیصلوں کا حصہ بنے رہے۔ لوکیش نائیڈو نے بتایا کہ تلگودیشم پارٹی دونوں ریاستوں کی ترقی کا جو منصوبہ رکھتی ہے اُس پیمانہ کا منصوبہ کسی اور سیاسی جماعت کے پاس نہیں ہے۔ اُنھوں نے کانگریس کو بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں میں ملوث قائدین کی ٹولی قرار دیتے ہوئے کہاکہ کانگریس کا صرف ریاست سے ہی نہیں بلکہ ملک بھر سے صفایا یقینی ہوگا۔ نارا لوکیش نائیڈو نے بتایا کہ ریاست کی ترقی کو یقینی بنانے اور نئی ریاست کی عالمی سطح پر شناخت تیار کرنے کیلئے یہ ضروری ہے کہ تلگودیشم پارٹی کو اقتدار حاصل ہو کیونکہ تلگودیشم پارٹی ہی ریاست کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے علاوہ بنیادی سہولتوں سے لیس کرتے ہوئے بیرونی سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرسکتی ہے جبکہ دیگر سیاسی جماعتیں صرف عوام سے وعدے کرتے ہوئے اقتدار حاصل کررہے ہیں اور عوام کو دھوکہ دینے کی تاریخ رقم کرنے میں مصروف ہیں۔