ریاست کو سرسبز و شاداب بنانے ہریتا ہارم پروگرام کی مقبولیت

ملک بھر میں ایک مثالی پروگرام ثابت ، وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ یکم ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے ریاست میں ماحولیات کا تحفظ کرنے اور ریاست کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے شروع کردہ ’ ہریتا ہارم ‘ پروگرام ملک بھر میں ایک مثالی ثابت ہورہا ہے ۔ محکمہ ٹرانسپورٹ آفس جنگاؤں میں منظم کردہ ہریتا ہارم پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے پودوں کی شجرکاری کرنے کے بعد اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر پی مہیندر ریڈی نے مذکورہ بات کہی اور بتایا کہ عوامی تعاون کے ذریعہ ریاست بھر میں ہریتا ہارم پروگرام ایک سماجی تحریک میں تبدیل ہوچکا ہے ۔ وزیر موصوف نے اس موقعہ پر ہریتا ہارم پروگرام کی اہمیت و افادیت پر تفصیلی روشنی ڈالی اور بتایا کہ شجرکاری کے ذریعہ ماحولیات کا تحفظ کیا جاسکتا ہے اور بارش وغیرہ کے لیے حالات کو استوار سازگار بھی بنایا جاسکتا ہے ۔ مسٹر مہیندر ریڈی وزیر ٹرانسپورٹ نے اس موقعہ پر آر ٹی سی بس ڈپوز کی کارکردگی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ فی الوقت آر ٹی سی کے ذریعہ عوام کو بہتر و آرام دہ سفر کی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے اس بات کا انکشاف کیا کہ آج تک جن مواضعات کے لیے گاڑیوں کے چلنے کے لیے سڑکیں نہیں ہیں تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن 1200 مواضعات میں نئی سڑکیں تیار کر کے ان نئی روٹس پر بھی آر ٹی سی کی نئی بسیں چلائی جائیں گی ۔ علاوہ ازیں ریاست تلنگانہ کی راجدھانی ( صدر مقام ) حیدرآباد کو ریاست کے تمام ضلع مستقروں سے مختصر مختصر وقفہ سے بسیں چلانے کے لیے اقدامات کئے جائیں گے ۔ مسٹر پی مہیندر ریڈی وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ جنگاؤں ڈپو کو نئی وجرا ایرکنڈیشنڈ بسیں فراہم کی جائیں گی ۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ کی جانب سے شروع کردہ مختلف ترقیاتی پروگراموں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مشن بھگیرتا ، مشن کاکتیہ پروگراموں کے ساتھ ہریتا ہارم پروگرام بھی کامیابی کے ساتھ انجام دیا جارہا ہے جب کہ ان پروگراموں کے فوائد آئندہ دنوں میں حاصل ہوسکیں گے ۔ اس ہریتا ہارم ( پودوں کی شجرکاری ) پروگرام میں رکن اسمبلی تلنگانہ قانون ساز اسمبلی مسٹر ایم یادگیر ریڈی ، گورنمنٹ وہپ تلنگانہ اسٹیٹ قانون ساز کونسل مسٹر بی وینکٹیشورلو کے علاوہ دیگر اعلیٰ عہدیداران محکمہ ٹرانسپورٹ بھی موجود تھے ۔۔