ریاست کو درپیش تمام چیلنجس کا حل موجود،عالمی میٹرو پولس کانفرنس سے کے ٹی آر کا خطاب

حیدرآباد ۔ 8 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و پنچایت راج کے تارک راما راؤ نے آج کہا کہ شہری منصوبہ بندی اور شہری کارکردگی میں مائیکرو ڈاٹا اور انالیسیس سے مدد حاصل کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئی ریاست تلنگانہ کو کئی چیلنجس درپیش ہیں جب کہ کئی مواقع حاصل ہیں ۔ ریاست کے 39 فیصد عوام شہری علاقوں میں رہائش پذیر ہیں اور ہم اس بات سے پر امید ہیں کہ تمام مسائل کو حل کرلیاجائے گا ۔ ریاستی وزیر کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست کے حال میں وجود میں آنے کے باوجود چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست کی ترقی کے لیے کئی ایک اعلانات کیے ہیں جب کہ حیدرآباد کو عالمی اسمارٹ سٹی میں تبدیل کرنے کی غرض سے کئی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ چیف منسٹر اس بات میں یقین رکھتے ہیں کہ عوامی ضروریات کو سمجھنے عوامی بہبودی اسکیمات کی ضرورت مند افراد تک رسائی کے لیے ایک مکمل ڈاٹا ضروری ہے ۔ ریاستی وزیر آئی ٹی و پنچایت راج کے ٹی آر نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی آبادی 3.6 کروڑ کے تمام تر تفصیلات جو کہ دیہی سطح سے میٹرو پولیٹن شہر حیدرآباد تک تھیں کو صرف ایک دن میں تکمیل کیا گیا ۔ کے ٹی آر ایچ آئی سی سی میں منعقدہ 11 ویں ورلڈ میٹرو پولس کانگریس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے پاس ایک بڑا ایجنڈہ ہے جس پر عمل آوری کی جائے گی ۔۔