ملازمین کے مفادات کا تحفظ کرنے کا عزم ۔ چیف منسٹر کے سی آر کا اعلی سطحی اجلاس
حیدرآباد۔ 24 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر نے
ملازمین کے مفادات کا تحفظ کرنے اور ماضی میں جو غلطیاں ہوئیں، اس کے اعادہ کو روکنے تلنگانہ میں 7 زونس اور 2 ملٹی زونس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ ملازمین سے متحدہ آندھرا میں جو ناانصافی ہوئی، اس کی تلافی کرنے زونس اور ملٹی زونس سسٹم قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع کی تنظیم جدید کے بعد مختلف علاقوں میں مقیم مقامی افراد کو زیادہ فائدے پہونچانے حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل ، اضلاع کی تنظیم جدید کے بعد زونس کا احیاضروری ہوگیا تھا۔ اس سلسلے میں سرکاری ملازمین اور ٹیچر تنظیموں کے نمائندوں نے حکومت کو اپنی تجاویز پیش کیں جس پر آج چیف منسٹر نے پرگتی بھون میں اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا اور مختلف اُمور کا جائزہ لینے کے بعد زونس و ملٹی زونس کو منظوری دی ہے۔ اجلاس میں حکومت کے مشیر اعلیٰ راجیو شرما، چیف سیکریٹری ایس کے جوشی سینئر عہدیداران اجئے مشرا، نرسنگ راؤ، شیوشنکر اور سنہا، بھوپال ریڈی ملازمین یونین قائد، دیوی پرساد، کے رویندر ریڈی، سرینواس گوڑ، ایم پی ونود کمار، ارکان اسمبلی ریڈیا نائیک، اے رمیش، وی پرتاپ ریڈی، پربھاکر ریڈی، یادگیر ریڈی ایم ایل سی راجیشور راؤ کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ 31 اضلاع کو مختلف زونس اور ملٹی زونس میں تقسیم کرنے کے تعلق سے ملازمین کو معلومات فراہم کرنے اور دیگر مسائل کا جائزہ لینے 25 مئی جمعہ این جی اوز بھون میں اجلاس منعقد ہوگا۔ اجلاس کے فیصلوں سے چیف سیکریٹری کو واقف کروادیا جائیگا جس کے بعد چیف سیکریٹری حکومت کو نوٹ روانہ کریں گے۔ کابینہ اجلاس میں اس پر غور کرکے زونس اور ملٹی زونس سسٹم کو کابینہ اجلاس میں منظوری دے کر مرکز کو روانہ کی جائیگی۔ مرکز اس کو منظوری کیلئے صدرجمہوریہ سے رجوع کریگا۔ چیف منسٹر نے ملازمین نمائندوں کو تیقن دیا کہ وہ خود سارے معاملے کی نگرانی کریں گے۔ تلنگانہ میں نئے زونس اور ملٹی زونس پر عمل آوری کیلئے خصوصی دلچسپی لیں گے۔
زونس کی تفصیلات
(1) کالیشورم زون : (28.29 لاکھ آبادی) بھوپال پلی، منچریال، آصف آباد، پیداپلی ۔
(2) باسرا زون : (39.74 لاکھ آبادی) عادل آباد، نرمل، نظام آباد، جگتیال۔
(3) راجنا زون : (43.09 لاکھ آبادی) کریم نگر، سدی پیٹ، سرسلہ، کاماریڈی، میدک۔
(4) بھدرادری زون : (50.44 لاکھ آبادی) کتہ گوڑم، کھمم، محبوب آباد، ورنگل رورل، ورنگل اربن۔
(5) یادادری زون : (45.23 لاکھ آبادی)، سوریہ پیٹ، نلگنڈہ، یدادری، بھونگیر، جنگاؤں۔
(6) چارمینار زون : (1.03 کروڑ آبادی)، حیدرآباد، رنگاریڈی، میڑچل، سنگاریڈی
(7) جوگو لامبا زون: (44.63 لاکھ آبادی)، محبوب نگر، ونپرتی، گدوال، ناگرکرنول، وقارآباد۔
ملٹی زونس
(1) کالیشورم، باسرا، راجنا، بھدرادری (1.61 کروڑ آبادی)
(2) یدادری، چارمینار، جوگو لامبا (1.88 کروڑ آبادی)