ریاست میں 7نئے زونس اور 2ملٹی زونس کو کابینہ کی منظوری

کسانوں کیلئے 5 لاکھ بیمہ اسکیم،15 اگسٹ کوکے سی آر اسکیم کا آغاز کرینگے
حیدرآباد۔/27مئی ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ نے ریاست میں 7 زونس اور 2 ملٹی زونس کے قیام کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ کابینہ نے لائف انشورنس کارپوریشن آف انڈیا کے ذریعہ کسانوں کیلئے بیمہ اسکیم کو بھی منظوری دے دی۔ کابینہ کا اجلاس آج پرگتی بھون میں چیف منسٹر کے چندر شیکھرراؤ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں نئے زونس کے قیام اور کسانوں کیلئے انشورنس کی منفرد اسکیم پر تفصیلی مباحث ہوئے۔ کابینہ نے متفقہ طور پر دونوں تجاویز کو منظوری دے دی ہے۔ تلنگانہ سرکاری ملازمین کی تنظیموں کے قائدین دیوی پرساد، وی سرینواس گوڑ اور کے رویندر ریڈی کو خصوصی طور پر مدعو کرتے ہوئے کابینہ کے فیصلہ سے واقف کرایا گیا۔ کابینہ کے اجلاس میں انتظامی سہولت کیلئے 7 نئے زونس اور 2 ملٹی زونس کے قیام کو منظوری دی گئی جن میں کالیشورم، باسرا، راجنا ، بھدرادری، یادادری، چارمینار اور جوگو لمبا شامل ہیں۔ ابتدائی چار زونس ملٹی زون۔ 1 کے تحت رہیں گے جبکہ باقی 3 زونس ملٹی زون۔ 2 کے تحت ہوں گے۔ نئے زونس کے قیام کے نتیجہ میں مستقبل میں 3 زمرہ جات کے کیڈر رہیں گے جن میں ڈسٹرکٹ ، زونل اور ملٹی زونل کیڈر شامل ہوں گے۔ نئے زونس میں 95 فیصد تحفظات مقامی امیدواروں کو حاصل رہیں گے جبکہ 5 فیصد عام زمرہ کیلئے ہوں گے۔ مقامی امیدوار غیر مقامی کوٹہ میں بھی مسابقت کرسکتے ہیں۔ مقامی امیدوار ہونے کیلئے پہلی تا ساتویں جماعت تک چار برس مقامی علاقہ میں تعلیم حاصل کرنی ہوگی۔ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ 18سے 60سال عمر کے تمام کسانوں کو انشورنس کے زمرہ میں شامل کیا جائے گا۔ فی کسان سالانہ 2271 روپئے پریمیم کے طور پر ادا کئے جائیں گے۔ بیمہ اسکیم کیلئے بجٹ میں 1000 کروڑ کی گنجائش رکھی جائے گی۔ پریمیم کی رقم ہر سال یکم اگسٹ کو ادا کی جائیگی۔