حکومت تلنگانہ کا فیصلہ ۔ مرکز سے 1000 کروڑ امداد کی طلبی
حیدرآباد 24 نومبر ( این ایس ایس ) حکومت تلنگانہ نے ریاست میں 433 منڈلوں کے منجملہ 231 منڈلوں کو خشک سالی سے متاثرہ قرار دیدیا ہے ۔ ریاستی حکومت نے مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ ریاست کو فوری طور پر 1000 کروڑ روپئے کی معاشی امداد فراہم کرے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے ان منڈلوں کو خشک سالی سے متاثرہ منڈل قرار دئے جانے کا اعلان ایسے وقت میں ہوا ہے جب مرکزی حکومت کی جانب سے بارہا یہ کہا جا رہا تھا کہ دونوں تلگو ریاستوں نے خشک سالی سے متاثرہ منڈلوں پر رپورٹ اسے روانہ نہیں کی ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج اپنے کیمپ آفس پر ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ اجلاس میں وزیر زراعت پی سرینواس ریڈی ‘ چیف سکریٹری اور دوسرے عہدیدار شریک تھے ۔ چیف منسٹر نے جملہ متاثرہ علاقوں کی تعداد کو قطعیت دی ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ کھمم اور عادل آباد اضلاع میں بہتر بارش ہوئی ہے ۔ محبوب نگر ‘ میدک اور نظام آباد اضلاع کو خشک سالی سے مکمل متاثرہ قرار دیا گیا ہے جبکہ کریمنگر ‘ نلگنڈہ اور ورنگل کو جزوی طور پر خشک سالی سے متاثرہ قرار دیا گیا ہے ۔ تاہم ریاستی حکومت کو کھمم اور عادل آباد میں کوئی بھی منڈل خشک سالی سے متاثر محسوس نہیں ہوا ۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق ریاستی حکومت نے مرکز سے خشک سالی سے متاثرہ منڈلوں کیلئے 1000 کروڑ روپئے کی امداد طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ریاستی حکومت نے مرکزی حکومت سے کہا کہ وہ ایک ٹیم ریاست کو روانہ کرے تاکہ خشک سالی سے ہوئے نقصانات کا ٹیم خود جائزہ لے سکے ۔