عام زمروں کے بشمول 5اداروں پر اقلیتی قائدین کو نمائندگیاں، سید اکبر حسین چیرمین اقلیتی فینانس کارپوریشن نامزد
حیدرآباد ۔ یکم مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد سے سرکاری عہدوں کے منتظر ٹی آر ایس قائدین کیلئے آخر کار اچھے دن آگئے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ جنہوں نے حالیہ برسوں میں بعض ارکان اسمبلی اور بااعتماد قائدین کو وقتاً فوقتاً سرکاری اداروں پر نامزد کیا۔ انہوں نے آج ایک ہی ساتھ 10 مختلف کارپوریشنوں کیلئے صدورنشین کے ناموں کا اعلان کردیا۔ پارٹی کیڈر میں ناراضگی کو محسوس کرتے ہوئے چیف منسٹر نے نامزد عہدوں پر تقررات کا آغاز کرتے ہوئے اقلیتی طبقہ کو مناسب نمائندگی دیتے ہوئے خوش کرنے کی کوشش کی ہے ۔ 10 اداروں کے منجملہ 5 اداروں پر اقلیتی قائدین کو صدرنشین نامزد کیا گیا ہے جبکہ دیگر اداروں پر غیر اقلیتی قائدین کا تقرر کیا گیا۔ عام طور پر متحدہ آندھراپردیش میں یہ روایت تھی کہ اقلیتوں کو صرف اقلیتی اداروں پر ہی نامزد کیا جاتا رہا لیکن کے سی آر نے اپنے وعدہ کے مطابق جنرل زمرہ کے اداروں پر بھی اقلیتی قائدین کے تقررات کئے ہیں۔ آج جن پانچ اداروں پر اقلیتی قائدین کے تقررات کئے گئے ، ان میں 4 عام زمرے کے ادارے ہیں۔ میر عنایت علی باقری (حیدرآباد) کو سٹ ون کا صدرنشین مقرر کیا گیا۔ شیخ بڈن بیگ (کھمم) کو تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن، سید عبدالعلیم نظام آباد کو Nedcap ، محمد یوسف زاہد (ورنگل) کو تلنگانہ اسٹیٹ کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ اور سید اکبر حسین (کریم نگر) کو تلنگانہ ریاستی اقلیتی فینانس کارپوریشن کا صدرنشین مقرر کیا گیا ہے۔ ان کے علاوہ کے کوٹیشور راؤ (تلنگانہ اسٹیٹ سیڈس ڈیولپمنٹ کارپوریشن) ، کے وپلوا کمار (تلنگانہ اسٹیٹ اربن فینانس انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن) ، ٹی وینکٹیشورلو ایم ایل اے (ضلع بھدراری) کو تلنگانہ اسٹیٹ ٹرائبل کوآپریٹیو فینانس کارپوریشن، بی سمپت کمار گپتا (تلنگانہ اسٹیٹ ہینڈی کرافٹس کارپوریشن اور جی ناگیندر گوڑ کو تلنگانہ اسٹیٹ ایجوکیشن اینڈ ویلفیر انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن مقرر کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر نے اقلیتی قائدین کو دی گئی پہلی نمائندگی میں 5 اضلاع حیدرآباد ، ورنگل ، کھمم ، نظام آباد اور کریم نگر کو نمائندگی دی ہے ۔ حال ہی میں رکن قانون ساز کونسل جناب محمد سلیم کو وقف بورڈ کا صدرنشین منتخب کیا گیا ۔ اس طرح تاحال 6 سرکاری اداروں پر اقلیتی قائدین کے تقررات عمل میں آئے ہیں۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ آج جاری کئے گئے احکامات اور تقررات میں چیف منسٹر کے فرزند کے ٹی آر اور دختر کویتا کا اہم رول ہے۔ کریم نگر سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ ونود کمار کے سفارش کردہ ایک قائد کو صدرنشین مقرر کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر عنقریب مزید 10 کارپوریشنوں پر تقررات کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس سلسلہ میں وزراء اور عہدیداروں سے مشاورت جاری ہے ۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر نے 6 اقلیتی قائدین کو مختلف اداروں پر صدرنشین نامزد کیا جن میں 4 ادارے جنرل زمرے کے ہیں۔ وقف بورڈ اور اقلیتی فینانس کارپوریشن پر تقرر کیا گیا لیکن اقلیتوں کے دیگر ادارے جیسے اردو اکیڈیمی ، حج کمیٹی اور اقلیتی کمیشن پر تقررات باقی ہیں۔ پارٹی کے اقلیتی قائدین نے ان اداروں کے عہدوں کیلئے دوڑ دھوپ شروع کردی ہے اور مختلف ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے عہدہ حاصل کرنے کی جدوجہد کی جارہی ہے ۔