ریاست میں گُڑمبا پر مکمل پابندی کی ہدایت

چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس نئی ایکسائز پالیسی پر نظرثانی
حیدرآباد /31 جولائی ( آئی این این ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاستی سکریٹریٹ میں ہنگامی اجلاس منعقد کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت کی نئی اکسائز پالیسی کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر وزیر اکسائز پی پدماراؤ پرنسپل سکریٹری ریونیو ( اکسائز اینڈ کمرشیل ) اجئے مشرا ، ایکسائز کمشنر چندراودن ، پرنسپل سکریٹری برائے سی ایم او ایس نرسنگ راؤ ، ایڈیشنل سکریٹری شانتی کماری اور دیگر سینئیر عہدیدار اجلاس میں شریک تھے ۔ چیف منسٹر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی پالیسی کا اعلان کرنے سے قبل گُڑمبہ کی تیاری اور فروخت پر سختی سے پابندی عائد کرنی چاہئے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گُڑمبہ پینے کے باعث کئی اموات ہو رہی ہیں ۔ خواتین کی تنظیموں نے گُڑمبہ پر پابندی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج بھی کیا ہے ۔ انہوں نے اس سلسلے میں اکسائز عہدیداروں کی لاپرواہیوں پر تشویش ظاہر کی ۔ اس سستی اور آسانی سے دستیاب ہونے والی شراب کے باعث سیکڑیوں غریب عوام کی قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں اور کئی افراد اموات میں مبتلا ہو رہے ہیں ۔ چیف منسٹر نے اکسائز عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ تلنگانہ ریاست میں گُڑمبہ کی تیاری پر پابندی عائد کریں ۔