حیدرآباد 24 مئی ( سیاست نیوز ) ریاست میں کچھ مقامات پر گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے جبکہ کچھ مقامات پر 30 تا 40 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ ریاست میں کچھ مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش ہوسکتی ہے یا پھر گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی بھی ہوسکتی ہے ۔ حیدرآباد اور اطراف کے علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہ سکتا ہے اور شام یا رات کے وقت ہلکی بارش یا گرج چمک کا بھی امکان ہے ۔ تاہم درجہ حرارت اعظم ترین 42 ڈگری سلسئیس اور اقل ترین 29 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہی ہوسکتا ہے ۔ ریاست میں کچھ مقامات پر آج بھی گرمی کی شدت رہی اور یہ لہر مزید دو تا تین دن جاری رہ سکتی ہے ۔ ریاست میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 46.3 ڈگری سلسئیس عادل آباد میں ریکارڈ کیا گیا ۔