ریاست میں کسانوں کی خود کشی کیلئے سابقہ حکومتیں ذمہ دار

ٹی آر ایس حکومت ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کوشاں ‘ وزیر فینانس ایٹالہ راجندر کا بیان
کریمنگر 3 ستمبر ( این ایس ایس ) ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر نے آج الزام عائد کیا کہ ریاست میں کسانوں کی جو خود کشیاں ہیں وہ سابقہ حکومتوں کی لاپرواہیوں کی وجہ سے ہو رہی ہیں ۔ تاہم ریاست میں تین سال سے برسر اقتدار ٹی آر ایس حکومت کسانوں کی خود کشی کے واقعات کو روکنے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور وہ کسانوں کی فلاح و بہبود اور مشکلات کو ختم کرنے کیلئے ہر ممکن جدوجہد کر رہی ہے ۔ یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر فینانس نے کہا کہ ریاست میں جو مسائل کسانوں کو درپیش ہیں وہ در اصل سابقہ کانگریس اور تلگودیشم حکومتوں کی غیر کارکرد پالیسیوں کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک ٹی آر ایس حکومت کا سوال ہے ریاست کے ہر گاوں کے لوگ اس سے خوش ہیں اور انہیں پتہ ہے کہ حکومت کی جانب سے فلاح و بہبود اور ترقیاتی پروگراموں کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام خوش ہیں کیونکہ انہیں سرکاری اسکیمات سے ایسا فائدہ ہو رہا ہے جو انہیں ماضی میں نہیں مل سکا تھا ۔ کالیشورم پراجیکٹ کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ یہ ایک بڑی انسانی کوشش ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ شخصی طور پر اس پراجیکٹ کے کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں ۔ اس کیلئے سی سی کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور کاموں کو ان کے شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس پراجیکٹ کیلئے ہم خطیر رقومات خرچ کر رہے ہیں اور جو لوگ اس سے متاثر ہو رہے ہیں ان کو خاطر خواہ معاوضہ فراہم کیا جائیگا ۔ مسٹر راجندر نے کہا کہ ایسا ملک بھر میں کہیں نہیں ہوا جس طرح تلنگانہ حکومت کی جانب سے کسانوں کو فی ایکر فصل پر سالانہ 4 ہزار روپئے فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے اور ہر ایک ایکر اراضی کو سال میں دو مرتبہ یہ رقم دی جائیگی ۔ اس کے علاوہ ریاستی حکومت اراضیات کا جامع سروے بھی کروا رہی ہے ۔ انہوں نے زراعت پر کمیٹیاں قائم کرنے حکومت کے فیصلے پر اپوزیشن کی تنقیدوں کو مسترد کردیا اور کہا کہ اس سروے سے اضلاع میں اراضیات کے تعلق سے واضح ڈاٹا دستیاب ہوگا ۔