ریاست میں ملازمین کی قلت ‘ دفاتر ویران

فوری تقررات عمل میں لانے مطالبہ ‘ رکن اسمبلی تلگودیشم آر کرشنا
حیدرآباد۔ یکم مارچ (سیاست نیوز) آندھرا پردیش کی تقسیم کے بعد تلنگانہ کے تمام سرکاری دفاتر میں درکار ملازمین کی قلت سے ویرانی دکھائی دے رہی ہیں۔ سیکریٹریٹ ہوکہ صدور محکمہ جات ڈائریکٹوریٹس ڈسٹرکٹ قدیم تعلقہ جات و منڈلوں میں واقع تمام سرکاری دفاتر میں ملازمین نہ ہونے سے یہ دفاتر ویران منظر پیش کررہے ہیں۔ آر کرشنا صدر قومی بیاک ورڈ کلاسیس ویلفیر اسوسی ایشن و رکن اسمبلی تلنگانہ تلگو دیشم نے ملازمتوں کے حصول کیلئے کوشاں امیدواروں سے خطاب میں یہ اظہار خیال کیا اور مرکزی دفاتر میں ملازمتوں سے متعلق بتایا کہ بینکوں میں 2 لاکھ جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ محکمہ دفاع میں 3.5 لاکھ مخلوعہ جائیدادوں کے ساتھ مختلف مرکزی دفاتر میں 2 لاکھ مخلوعہ جائیدادیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام جائیدادوں پر تقررات عمل کیلئے جلد وہ وزیراعظم نریندر مودی سے نمائندگی کریں گے۔ کرشنا نے کہا کہ تلنگانہ میں گروپ I کی 1200 جائیدادیں، گروپ III کی 8,000 جائیدادیں، گروپ IV کی 36,000 جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ سے ریاست میں مخلوعہ مذکورہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کا مطالبہ کیا ۔