مختلف مقامات پر 100 نئے گروکل ( اقامتی ) اسکولس قائم ہونگے
حیدرآباد ۔ 24 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت ریاست میں لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کیلئے بہت جلد ریاست کے مختلف مقامات پر 100 نئے گروکل (اقامتی) اسکولس قائم کرنے کے اقدامات کرے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر امور برائے تعلیم مسٹر کے سری ہری نے یہ بات کہی اور بتایا کہ لڑکیوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کا اہم مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ تمام اسکولوں میں بنیادی سہولتیں فراہم کرنے اور اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میںلانے کے ساتھ ساتھ اقامتی اسکولوں میں تمام تر سہولتیں و بہتر غذا کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ مسٹر کے سری ہری نے مزید بتایا کہ گذشتہ دنوں چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے ریاست میں پرائمری ‘ ثانوی و ہائی اسکول (سیکنڈ ایجوکیشن) تعلیمی شعبہ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے اس بات کی ہدایت دی کہ ریاست میں تمام سرکاری اسکولوں کی کارکردگی میں بڑے پیمانے پر بہتری پیدا کرنے خانگی کارپوریٹ شعبہ کے مدارس کے ساتھ مسابقت میں شامل کرنے کے اقدامات کریں اور مدارس کیلئے ممکنہ حد تک مستقل عمارتوں اور ان عمارتوں میں تمام تر بنیادی سہولتیں بالخصوص پانی کی سہولتیں فراہم کرنے پر بھی اولین ترجیح دینے کیلئے عہدیداروں کو خصوصی ہدایات دی گئیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر برائے امورتعلیم نے مزید بتایا کہ جاریہ تعلیمی سال کے دوران تمام مدارس میں بہتر نتائج کے حصول کیلئے نصاب تعلیم مکمل کرنے پر بھی اولین ترجیح دی گئی۔