ریاست میں شدید گرمی ‘ شہر میں موسم کا گرم ترین دن

آئندہ چند دن تک گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان

حیدرآباد 24 مئی ( سیاست نیوز ) ریاست بھر میں شدید گرمی کی لہر کا سلسلہ جاری ہے ۔ گذشتہ تین دن سے یہ لہر چل رہی ہے ۔ درجہ حرارت ریاست کے تقریبا تمام اضلاع میں معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔ گرم ہواؤں کے ساتھ ریاست میں درجہ حراررت 43 سے 46 ڈگری سلسئیس کے آس پاس پہونچ چکا ہے ۔ گرم ہواؤں سے عوام کو اور بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ عام طور پر مصروف رہنے والے شاپنگ مراکز اور اہم راستوں پر ٹریفک بہت کم دیکھی جا رہی ہے اور لوگ شدید گرمی کی وجہ سے گھروں میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ریاستی دارالحکومت حیدرآباد میں بھی گذشتہ تین دن سے شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور درجہ حرارت 42 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہوگیا ہے ۔ آج شہر میں درجہ حرارت 42.3 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ جاریہ سال موسم گرما میں یہ سب سے زیادہ درجہ حرارت رہا ۔ محکمہ موسمیات نے مطلع کیا ہے کہ آئندہ چند دنوں کے دوران شدید ساحلی آندھرا ‘ رائلسیما اور تلنگانہ علاقوں میں گرمی کی لہر برقرار رہے گی ۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ریاست کے تمام علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے یا گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی بھی ہوسکتی ہے ۔