تروپتی۔/9اپریل، ( پی ٹی آئی) تروملا اور اطراف کے علاقوں میں آج ژالہ باری کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔ عہدیداروں نے کہا کہ لارڈ وینکٹیشورا مندر کے پہاڑی علاقوں کے علاوہ سمہاچلم کے جنگلاتی علاقے میں زبردست بارش ریکارڈکی گئی۔ مندر کے ذرائع نے پی ٹی آئی سے کہا کہ بارش کے نتیجہ میں درجہ حرارت میں قابل لحاظ کمی ہوئی ہے اور یاتریوں کو شدید گرمی سے عارضی طور پر راحت پہنچی ہے نیز سمہا چلم کے جنگلات جو حال ہی میں ہولناک آتشزدگی سے متاثر ہوئے تھے اس بار ش کے سبب دوبارہ تازے ہوسکتے ہیں۔ اس دوران تلنگانہ کے کئی اضلاع اور دونوں شہروں حیدرآباد اور سکندرآباد میں بھی آج شام تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے کہا ہے کہ ساحلی آندھرا میں طوفانی ہواؤں اور غیر موسمی بارش کے اثر سے حیدرآباد اوراطراف کے علاقوں میں مزید بارش ہوسکتی ہے۔