حیدرآباد ۔ 30 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست میں زرعی شعبہ کی ترقی کو یقینی بنانے کی غرض سے ’ مشن کاکتیہ ‘ اسکیم کے تحت تالابوں کی صفائی اور تعمیر و مرمت کا کام جنگی پیمانے پر جاری ہے ۔ ذرائع کے بموجب حکومت نے چھوٹی آبپاشی ، وسائل کی تعمیر و مرمت اور صفائی کے ذریعہ زراعت کی ترقی کے لیے مشن کاکتیہ اسکیم کے تحت ریاست تلنگانہ میں واقع جملہ 2464 تالابوں کی صفائی اور مرمت کے کاموں کی انجام دہی کو منظوری دے دی ہے ۔ جن کے منجملہ 878 تالابوں کی صفائی اور مرمت کے کاموں کا آغاز کردیا گیا ہے اور حکومت کی جانب سے ’ مشن کاکتیہ ‘ کے تحت تالابوں کی صفائی و مرمت کے کاموں کے آغاز کا تمام سیاسی و عوامی قائدین کی جانب سے خیر مقدم کیا جارہا ہے اور اس پروگرام کے لیے ریاست کے تمام طبقات کی جانب سے حکومت کو تائید و حمایت حاصل ہورہی ہے ۔۔