بدعنوانیوںکو روکنے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب ‘ ایک منٹ کی تاخیر پر بھی امتحان ہال میں داخلہ نہیں ملے گا ‘ کمشنر انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن
حیدرآباد /26 فبروری (سیاست نیوز) ریاست میں امتحانات انٹرمیڈیٹ (تھیوری) سال اول اور دوم کا یکم / مارچ تا /19 مارچ انعقاد عمل میں آئیگا اور ان کے پرامن انعقاد کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور طلباء و طالبات سے خواہش کی گئی کہ وہ 8 بجے تک امتحانی مرکزپر موجود رہیں اور 9 بجے کے ساتھ ہی امتحانی مرکز گیٹ بند کردیا جائے گا اور ایک منٹ بھی تاخیر سے پہونچنے والے طلبا و طالبات کو امتحان میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائیگی ۔ جبکہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانی اوقات (سال اول و دوم کیلئے ) صبح 9 بجے تا 12 بجے ہونگے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر اشوک کمار ، کمشنر و سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے کہا کہ ریاست میں انٹر امتحانات کیلئے جملہ 1291 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں ۔ امتحان میں جملہ 9,76,631 سال اول و دوم کے طلباء و طالبات میں شرکت کررہے ہیں، جن میں سال اول 4,75,832 اور سال دوم کے 5,00799 طلباء و طالبات شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امتحانات میں بے قاعدگیوں (نقل نویسی) کا انسداد کرنے کڑی نظر رکھی جائیگی۔ ہر امتحانی مراکز پر سٹنگ اسکواڈ رکھے جارہے ہیں اور فلائنگ اسکواڈ بھی تشکیل دیئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں امتحانی مراکز کے اطراف تقریباً ایک مربع کیلومیٹر کے احاطہ میں زیراکس سنٹر کو بند رکھوانے کی پولیس سے خواہش کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ امتحانی مرکز میں کسی کو بھی یہاں تک کہ امتحانی مرکز کے چیف سپرنٹنڈنٹ کو بھی سیل فون لے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور طلبا و طالبات کو سوائے پین اور پینسل کے کوئی اور اشیا رکھنے کی اجازت نہیں رہیگی۔ اگر کوئی بے قاعدگیوں میں ملوث پائے جائیں تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ تمام امتحانی مراکز پر سی سی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے اور جی پی آر ایس سسٹم سے استفادہ کیا جارہا ہے تاکہ پرچہ سوالات مرکز سے باہر نہ جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ فلائنگ اسکواڈز میں محکمہ پولیس ریوینیو اور انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے حکام کی خدمات سے استفادہ کیا جائیگا۔ امتحانی اوقات میں برقی سربراہی کو یقینی بنانے اور طلباء کو مراکز تک پہونچنے میں سفر کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے آر ٹی سی کی خصوصی بسیں چلائے جانے کے اقدامات کئے گئے۔ ڈاکٹر اشوک کمار نے طلباء و طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ امتحان سے قبل ہال ٹکٹ حاصل ہونے کے ساتھ میں ہال ٹکٹ کے اندراجات کی مکمل جانچ کرلینے اور کسی نوعیت کی غلطی پر فوری متعلقہ پرنسپل سے تصحیح کروالینے کے علاوہ جوابی بیاض پر صحیح تفصیلات درج کریں۔