ریاست میں امن و قانون کی صورتحال پر گورنر کا غور

حیدرآباد۔/16اپریل، ( سیاست نیوز) ریاست میں امن و ضبط کی صورتحال کے مسئلہ پر ریاستی گورنر کے مشیر مسٹر اے این رائے نے آج ایک جائزہ اجلاس طلب کیا۔ اس اجلاس میں پولیس کے تمام اعلیٰ عہدیداروں بشمول ڈائرکٹر جنرل پولیس مسٹر بی پرساد راؤ، حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر مسٹر انوراگ شرما، سائبرآباد کمشنر پولیس مسٹر سی وی آنند و دیگر عہدیدار شریک تھے۔ مسٹر رائے نے عہدیداروں سے ریاست میں امن و ضبط کی صورتحال اور کئے جانے والے صیانتی و احتیاطی اقدامات سے واقفیت حاصل کی اور دریافت کیا کہ انتخابات کے سلسلہ میں علاقہ تلنگانہ و سیما آندھرا میں کس نوعیت کے صیانتی انتظامات کئے گئے۔ جس پر ڈائرکٹر جنرل پولیس مسٹر بی پرساد راؤ نے تلنگانہ اور سیما آندھرا علاقوں میں امن و ضبط کی برقراری بالخصوص انتخابات کے پیش نظر کئے گئے پولیس بندوبست کی تفصیلات سے واقف کروایا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہدایات کے مطابق پولیس کے وسیع تر صیانتی بندوبست کی اسکیم مرتب کئے جانے سے متعلق ڈائرکٹر جنرل پولیس نے واقف کروایا۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ مرکز سے روانہ کردہ زائد نیم فوجی فورسیس کو بھی تعینات کیا جارہا ہے اور جب کا تب حالات کی مناسبت سے ضلع پولیس عہدیداروں سے ربط پیدا کرکے اس بات کی ہدایت دی جارہی ہے کہ ضلع کی سطح پر نچلی سطح کے پولیس عہدیداروں سے ربط پیدا کرکے امن و ضبط کی صورتحال کو برقرار رکنھے کیلئے جائزہ لینے کی سخت ہدایات دی گئی ہیں۔ شہر حیدرآباد اور سائبرآباد میں امن و ضبط کی صورتحال اور کئے گئے پولیس صیانتی انتظامات کی تفصیلات سے مسرس انوراگ شرما اور سی وی آنند نے مشیر ریاستی گورنر مسٹر اے این رائے کو واقف کروایا۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کی دی گئی ہدایات کے مطابق گریٹر حیدرآباد حدود میں صنعتی علاقوں اور آئی ٹی زونس کے پاس خصوصی سیکوریٹی سسٹم قائم کیا گیا ہے۔ مسٹر سی وی آنند نے اس بات سے واقف کروایا اور بتایا

کہ رات کے اوقات میں خصوصی گشت کرنے کیلئے ٹیموں کی تشکیل دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ اس اجلاس میں ریاست کی تقسیم کے عمل سے متعلق پولیس عہدیداروں اور ملازمین کی تقسیم کے موضوع پر بھی غور و خوض کیا گیا۔ اس دوران سٹی پولیس کمشنر مسٹر انوراگ شرما اور سائبرآباد پولیس کمشنر مسٹر سی وی آنند نے بتایا کہ ان کے حدود اختیار سے متعلق مکمل تفصیلات و معلومات محکمہ داخلہ کی کمیٹی کو فراہم کردی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں پولیس گاڑیوں، محکمہ پولیس کی سرکاری املاک وغیرہ کی تفصیلات حکومت کو پیش کردی گئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اس موقع پر مسٹر اے این رائے مشیر برائے ریاستی گورنر نے کہا کہ پولیس ملازمین، عہدیداروں کی تقسیم، محکمہ پولیس کی املاک کی تقسیم سے متعلق آئندہ دو تین یوم میں مرکزی حکومت ( وزارت داخلہ ) کی جانب سے بعض رہنمایانہ خطوط مرتب کرکے روانہ کئے جانے والے ہیں اور ان رہنمایانہ خطوط کی بنیاد پر ضروری اقدامات کئے جائیںگے۔