ریاست میں اساتذہ کے تبادلوں کا مسئلہ اندرون دو یوم رہنما خطوط کی اجرائی کا امکان

حیدرآباد 14 جون (سیاست نیوز)ریاست میں اساتذہ کے تبادلوں سے متعلق حکومت کی جانب سے رہنمایانہ خطوط کی آئندہ دو یوم میں اجرائی متوقع ہے ۔ اساتذہ کے تبادلوں کے مسئلہ کی یکسوئی تقریباً ایک ماہ سے زیر التوا ہے جس کی وجہ سے ریاست کے اساتذہ میں تجسس ہے ۔ بتایا جاتا ہیکہ مختلف ٹیچرس یونینوں کی جانب سے تبادلوں کیلئے موجودہ طریقہ کار پر نظر ثانی کرکے 8 سال کی بجائے 5 سال ایک اسکول پر مکمل کرنے والے اساتدہ کے تبادلہ کی خواہش کی جارہی ہے لیکن حکومت ٹیچرس یونینوں کی خواہش سے اتفاق کرنے کے موقف میں دکھائی نہیں دے رہی ہے ۔ٹیچرس یونینوں کے نمائندوں کے مطابق اساتذہ کے تبادلوں کا عمل نئی تعلیمی سال کے آغاز سے قبل مکمل ہوجانا چاہئے تھا لیکن حکومت و اعلی عہدیدران تعلیمات کی غفلت و لاپرواہی سے گرمائی تعطیلات کے دوران تبادلوں کا عمل شروع نہیں کیا جاسکا تاہم یونینوں نے اساتذہ کے تبادلوں کیلئے 5 سال کو بنیاد بناکر فی الفور تبادلوں کا عمل ماہ جون کے اختتام تک مکمل کرنے کیلئے عاجلانہ اقدامات کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔