ریاست میں اب تک 38 کروڑ روپئے ضبط

حیدرآباد 18 مارچ (پی ٹی آئی) انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق پر عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے الیکشن کمیشن نے سخت اقدامات کئے ہیں۔ انتخابات کے دوران تلاشی اور غیرقانونی رقومات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اب تک 38 کروڑ روپئے ضبط کئے گئے۔ تقریباً 20 کیلو سونا اور 121.26 کیلو چاندی بھی ضبط کی گئی ہے۔ نقد رقم اور سونے کے علاوہ 6550 لیٹر غیر قانونی شراب بھی ضبط کی گئی۔ ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر بھنورلال نے کہاکہ 2363 افراد کو احتیاطی اقدام کے طور پر حراست میں لیا گیا ہے۔ 7239 کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹس زیرالتواء ہیں۔ اِن کے منجملہ 1054 مقدمات کی یکسوئی کی گئی اور 6185 زیرالتواء ہیں۔ الیکشن کمیشن نے آندھراپردیش کو حساس مصارف والی ریاست قرار دیا ہے۔