حیدرآباد۔ 3 جولائی (پریس نوٹ) پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر آندھرا پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ حج 2014ء کے لئے ریاست کے مزید 93 عازمین حج کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ انہوں نے ان تمام عازمین حج سے خواہش کی ہے کہ وہ اندرون دس یوم اپنے رہائشی زمرہ کے مطابق حج مصارف کی مکمل رقم اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی کسی بھی برانچ میں حج کمیٹی آف انڈیا کے اکاؤنٹ میں جمع کروادیں اور دفتر حج کمیٹی سے یا حج کمیٹی ویب سائٹ www.hajcommittee.com سے اپنا بینک ریفرنس نمبر لازما حاصل کرلیں، کیونکہ بینک چالان پر یہ نمبر درج کرنا لازمی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے ان عازمین سے مزید خواہش کی ہے کہ وہ اپنے اوریجنل پاسپورٹ کے ہمراہ بینک چالان کی رسید اور ایک عدد کلر فوٹو جس کا بیاک گراؤنڈ سفید اور جس میں چہرہ کا 70% حصہ اور کندھوں کا 30% حصہ نظر آتا ہو، دفتر حج کمیٹی میں داخل کریں۔ خواتین کی تصویر میں ان کے کان بھی نظر آنے چاہئیں۔ جناب عبدالحمید ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی نے بتایا کہ تفصیلات دفتر حج کمیٹی واقع حج ہاؤز، نامپلی، حیدرآباد (فون نمبر 040-2329-87939 سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ قبل ازیں ریاست سے 200 عازمین حج کا ویٹنگ لسٹ میں سے انتخاب عمل میں آیا۔ اس طرح سفر کی منسوخی کے مقابل ویٹنگ لسٹ سے منتخب عازمین کی تعداد 293 تک پہنچ گئی ہے۔