ریاست تلنگانہ کے علاوہ نئے اضلاع کے نقشے تیار

عوام کا زبردست ردعمل ، شکایتوں اور مشوروں کے انبار
حیدرآباد /27 اگست ( سیاست نیوز ) نئے اضلاٹع کی تشکیل کے کاموں میں تیزی پیدا ہوگئی ہے ۔ نئے 27 اضلاع پر مشتمل تلنگانہ کا نقشہ بھی حکومت نے تیار کرلیا ہے۔ ریاست کے جملہ اضلاع پر مشتمل ایک نقشہ تیار کرنے کے علاوہ اضلاع کے علحدہ علحدہ نقشے بھی تیار کرتے ہوئے حکومت کی ویب سائیٹ پر آج پیش کردیا ۔ حکومت کی جانب سے نئے اضلاع کی تشکیل پر مسودہ اعلامیہ جاری کرنے کے بعد عوام کا زبردست ردعمل حاصل ہو رہا ہے ۔ ایک طرف حکومت عوام سے اعتراضات اور رائے حاصل کر رہی ہے ۔ دوسری طرف سرکاری سطح پر کئے جانے والے کاموں کو تیزی سے انجام دے رہی حکومت کی جانب سے تیار کردہ ویب سائیٹ پر ہر دن ایک ہزار شکایتیں اور رائے حاصل ہو رہی ہیں ۔ کل تک 4000 اور زائد شکایت وصول ہوئی تھی آج مزید 1000 سے زائد رائے اور شکایت وصول ہوئی ہیں ۔ چیف کمشنر لاء اینڈ اڈمنسٹریشن مسٹر ریمنڈ پیٹر نے تلنگانہ ریموت سیسنگ ایجنسی ( ای آر ٹی اے ) کی مدد سے تجویز کردہ نئے اضلاع پر مشتمل 27 اضلاع کے ساتھ سارے تلنگانہ کا ایک نقشہ تیار کیا ہے ۔ ساتھ ہی علحدہ علحدہ اضلاع کے 27 نقشے بھی تیار کئے گئے ہیں ۔ تلنگانہ کے نقشہ کی تیاری میں اضلاع کے حدود کے علاوہ تمام تفصیلات کو پیش کیا گیا ہے ۔ جس میں اسمبلی کے حلقہ جات ، منڈل اور ان کے سرحدوں کے ساتھ ریلوے ، راستوں قومی شاہراہئے ، ریاستی شاہرائیں ندیاں ، پانی کے وسائل ذخیرہ آب کی تفصیلات کو نقشے میں شامل کیا گیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے تیار کردہ ریاستی سطح کے نقشے کے علاوہ 27 اضلاع کے علحدہ علحدہ نقشے حکومت کی جانب سے تیار کردہ ویب سائیٹ newdistrictsformation.telangana.gov.in میں پیش کردیا گیا ہے ۔