پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر ؍ سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کا اعلان
حیدرآباد ۔30 جولائی (پریس نوٹ) پروفیسرایس اے شکور ڈائرکٹر ؍ سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی نے اپنے صحافتی اعلامیہ میں کہا ہیکہ تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کی جانب سے ریاست کے اردو شعراء، ادیبوں اور مصنفین کی سال 2015ء کے دوران شائع شدہ مطبوعات پر تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کی جانب سے انعامات عطا کئے جائیں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر ؍ سکریٹری نے اس سلسلہ میں تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انعامات کیلئے مطبوعات کو شاعری، فکشن، طنز و مزاح، بچوں کا ادب، تحقیق و تنقید اور متفرق زمروں میں تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مطبوعات پر انعامات کیلئے درخواست گذار اپنی 5 مطبوعہ کتابیں درخواست اور تمام تفصیلات کے ساتھ 26 اگست 2016ء تک صدر دفتر اردو اکیڈیمی چوتھی منزل حج ہاؤز نامپلی حیدرآباد میں شخصی طور پر داخل کریں۔ پروفسیر ایس اے شکور ڈائرکٹر ؍ سکریٹری نے بتایا کہ مطبوعہ کتابیں ڈیمائی سائز کی کم از کم 96 صفحات پر اور کراؤن سائز کی کم از کم 112 صفحات پر مشتمل ہونی چاہئے۔ مولفہ و مرتبہ کتابوں میں ڈیمائی سائز کی مطبوعہ کتاب میں کم از کم 15 صفحات کا مقدمہ اور کراؤن سائز کتاب میں 20 صفحات کا مقدمہ شریک نہ ہو تو کتاب کو انعام کیلئے غور نہیں کیا جائے گا۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر ؍ سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی نے بتایا کہ کتابوں کو انعام کیلئے منتخب یا مسترد کرنے کا اختیار تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کو ہوگا۔ تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی سے انعام یافتہ کتاب کو دوبارہ انعام نہیں دیا جائے گا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ درخواست کا پروفارما صدر دفتر تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی چوتھی منزل حج ہاؤز نامپلی حیدرآباد سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پروفارما کی زیراکس کاپی بھی قابل قبول ہوگی۔